مسافر گاڑیوں کو جموں سے سرینگر کی طرف جانے کی اجازت تھی
محمد تسکین
بانہال// اگست کے آواخر اور ستمبر کے ابتداء میں شدید بارشوں کی وجہ سے ادہمپور اور بانہال کے درمیان شدید نقصانات سے دو چار ہوئی جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی یکطرفہ نقل و حرکت جاری ہے تاہم ٹریفک کی یہ روانی محکمہ ٹریفک کیطرف سے مقررہ اوقات کے اندر ہی دی جا رہی ہے۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تھرڑ ادہمپور کے مقام پر شاہراہ مکمل طور پر بحال نہیں ہوئی ہے اور وہاں یکطرفہ ٹریفک کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت سست رفتار ہے جبکہ سڑک کی ناہمواری کیوجہ تین مال بردار گاڑیوں کے بیچ سڑک میں خراب ہونے اور 20 خانہ بدوش ریوڑوں کی آمد و رفت سے شاہراہ پر ٹریفک کی معمول کی روانی میں مزید مشکلات پیش آرہی ہیں کیونکہ تھرڑ ادہمپور کے تقریباً 250 سے 300 میٹر تک کا حصہ یکطرفہ ہے اور ٹریفک کو بڑے منظم انداز میں نکالا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیر کے روز مسافر گاڑیوں کو جموں سے سرینگر کی طرف جانے کی اجازت تھی جبکہ سیب سے لدھے ٹرکوں کو قاضی گنڈ سے جموں کیطرف جانے کی اجازت تھی۔ انہوں نے کہا کہ جموں سے کشمیر آنے والی مسافر بردار گاڑیوں کو صبح 7 بجے سے 10 بجے تک نگروٹہ جموں سے آگے بڑھنے کی اجازت تھی اؤر اس دوران سرینگر سے جموں کی طرف کسی بھی مسافر گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ کہ کشٹواڑ، ڈوڈہ اور رام بن جانے والی ہلکی گاڑیوں کو بھی صبح 7 سے 10 بجے کے درمیان نگروٹہ سے آگے جانے کی اجازت تھی تاہم وادی چناب کے ان اضلاع سے جموں کی طرف آنے والی گاڑیوں کو صبح 10 بجے سے پہلے ناشری ٹنل پار کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا ۔