سرینگر//ریاست میںٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے گراف میں اضافے کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جموں کشمیر میں تقریباً ہر ایک منٹ میں ٹریفک قوانین کی اتباع نہ کرنے پر ایک شخص کو جرمانہ کیا جاتا ہے۔ محکمہ ٹریفک کے ذرائع کے مطابق ریاست میں یومیہ قریب1800افراد کیخلاف ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے پر چالان پیش کیا جاتا ہے،جس کا مطلب یہ ہے کہ ہر40سکینڈ کے بعد ٹریفک قوانین کے خلاف ورزی کرنے والے مرتکبین کو جرمانہ کیا جاتا ہے۔ اعداد شمار کے مطابق سال2010کے بعد ٹریفک جرمانہ میں سو فی صد اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق محکمہ ٹریفک نے سال2011میں مجموعی طور پر3لاکھ36ہزار360چالان پیش کئے،جن میں 2لاکھ42ہزار238 چالان کو موقع پر ہی کیا گیا ،جبکہ94ہزار22عدالتی چالان بھی کئے گئے۔ادھر2016میں مجموعی طور پر6لاکھ62ہزار930چالان کئے گئے،جن میں64ہزار610عدالتی چالان کے علاوہ5لاکھ98ہزار320ایسے چالان بھی شامل تھے،جن کو موقع پر ہی درج کیا گیا۔ محکمہ کے ایک افسر نے بتایا کہ جرمانہ میں اضافہ کا مطلب یہ ہے کہ ٹریفک پولیس خزانہ عامرہ کیلئے زیادہ رقومات وصول کرتا ہے۔انہوں نے بتایا’’ٹریفک محکمہ کی طرف سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کروانے والوں کوزیادہ چالان،کا مطلب ریاست کیلئے زیادہ آمدنی جمع کرنے کا ہے‘‘۔انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ کے اعلیٰ افسران نے سخت تاکید کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کو بخشا نہ جائے۔انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ نے سال بھر ہزاروں گاڑیوں کو بھی ٹریفک قوانین پر عملداری نہ کرنے پر ضبط بھی کیا ہے۔ محکمہ کے ایک افسر کا کہنا تھا کہ کچھ ریاستوں میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے وصول کیا جرمانہ کا50فیصدسڑک تحفظ کی سرگرمیوں پر خرچ کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر ٹریفک حادثات قوانین پر عملداری نہ کرنے کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں،اور یہ ہر ایک شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ دیکھیں کہ ٹریفک قوانین کی عمل داری ہو رہی ہے۔ سرکاری اعداد شمار کے مطابق ریاست میں گزشتہ2برسوں کے دوران11ہزار کے قریب ٹریفک حادثات رونما ہوئے ہیں،جبکہ ذرائع کے مطابق اصل اعداد شمار اس سے بھی زیادہ ہوسکتے ہیں،کیونکہ کئی ایک ٹریفک حادثات رپورٹ ہی نہیں ہوتے۔ ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ ریاست میں ہر سال قریباایک ہزار شہری ٹریفک حادثات کے دوران لقمہ اجل بنتے ہیں،جو قومی شرح کے دوگناہے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ چاہتا ہے کہ ہر کوئی شخص ٹریفک قوانین پر عملداری کرے۔انہوں نے کہا کہ جرمانہ صرف اس لئے کیا جاتا ہے تاکہ لوگ ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔