سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے آفیسران کی ایک میٹنگ میں شہرسرینگر میں ٹریفک منیجمنٹ پلان کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل کمشنر کشمیر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر ،ڈائریکٹر ارا،سیکریٹری ایس ڈی اے ،آر ٹی او کشمیر،ایس پی ٹریفک ،چیف ٹائون پلانر ،سی ایس او ،سرینگر میونسپل کارپوریشن،ناظم سیاحت،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اور ٹریفک ایڈوائزر کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ عدالت عالیہ کے حکمنامے اورشہر سرینگر میں ٹریفک نظام میں بہتری اور باقاعدگی لانے کے لئے صوبائی کمشنر نے یہ ہدایات جاری کی ہیں کہ بائی پاس روڈ پر اتھواجن سے پارمپورہ تک، بٹہ مالو سے ڈلگیٹ تک اورڈلگیٹ سے ڈک پارک ہوتے ہوئے نشاط اورریذیڈنسی روڈ اورجہانگیر چوک سے ریڈیو کشمیر تک سڑکوں کو نوپارکنگ زونز قراردیا گیا ہے ۔چنانچہ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ صرف پارکنگ جگہوں پر اپنی گاڑیوں کو پارک کریں۔اس موقعہ پر وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے تحت صوبائی کمشنر نے ارا کو رام باغ سے آلوچی باغ تک سڑک کے حصے کو فوری طور کھولنے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے سرینگر میونسپل کارپوریشن کو سڑکوںپر ناجائز تجاوزات میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے ایس پی ٹریفک کو ہدایت دی کہ ایسے تمام شاپنگ مال سربمہر کئے جائیں جن کے پاس کارپارکنگ سہولیت نہیں ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سرکار نے ایک ٹریفک ایڈوائزری کی خدمات حاصل کی ہیں جو کہ شہر میں ٹریفک دبائو کا جائزہ لے کر اسے کم کرنے کے لئے تجاویز دیں گے۔صوبائی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں آفیسران کی ایک ٹیم تشکیل دی جو کہ نئی پارکنگ جگہوں کی نشاندہی کرکے ایک ہفتے کے اندر اندر اپنی سروے رپورٹ پیش کرے گی۔دریں اثنأ صوبائی کمشنر نے آر ٹی او کشمیر کو بٹہ مالو بس اڈہ 20جولائی 2017ء تک مرحلہ وار طریقے پر پارمپورہ منتقل کرنے کی ہدایت دی۔