سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے ٹریفک منیجمنٹ پلان پر سختی سے عملدر آمد کرنے پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پلان سے پہلے ہی سرینگر میںٹریفک نظام بہتری آنے لگی ہے۔صوبائی کمشنر نے کمشنر ایس ایم سی اور دیگر آفیسران کو ٹریفک منیجمنٹ پلان پر من وعن عملدر آمد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوںنے کہا کہ پیڈ روڈ سائیڈ پارکنگ، سڑکوں کی مارکنگ اوردیگرفیصلوں کی عمل آوری سے ٹریفک کی صورتحال میںکافی بہتری آئی ہے۔انہوںنے کہا کہ روڈ سائیڈ پیڈ پارکنگ سے ایسی گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے مناسب جگہ فراہم ہوگئی ہے جو اس سے پہلے بے ترتیب طریقے سے سڑکوں پر پارکنگ کے نتیجہ میں ٹریفک کی آمدورفت میں خلل کا باعث بن جاتی تھیں۔صوبائی کمشنر نے ٹریفک پولیس کو ہدایت دی ہے کہ غلط اورغیرقانونی پارکنگ کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔انہوںنے کہا کہ ماہرین ٹریفک منیجمنٹ پلان کا مسلسل اورباریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں تاکہ ٹریفک نظام میں ممکنہ حد تک بہتری لائی جاسکے۔