اشتیاق ملک
ڈوڈہ //پچھلے ایک ہفتہ سے ڈوڈہ ضلع میں ٹریفک کی خلاف ورزی کے خلاف شروع کی گئی مہم کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے منگل کو اؤورلوڈنگ کا ایک ایف آئی آر درج کرکے ڈرائیور کو گرفتار کیا ہے اور 22 گاڑیوں کو ضبط و 199 کا چالان کیا ہے۔ضلع پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ڈوڈہ ،بھدرواہ ،ٹھاٹھری ،گندوہ بھلیسہ و عسر کی رابطہ سڑکوں پر ٹریفک چیکنگ کے دوران اؤورلوڈنگ، تیز رفتاری و اہم دستاویزات کی کمی پر 22 گاڑیوں کو ضبط کیا ہے اور 199 کا چالان کیا گیا۔ اس دوران اؤورلوڈنگ پر بھدرواہ پولیس تھانہ میں مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر زیر نمبر 150/2023 درج کر کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ۔واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ پر ترنگل عسر کے نزدیک پیش المناک حادثہ میں چالیس افراد ہلاک و 16 دیگر زخمی ہوئے تھے جس کے بعد ڈوڈہ پولیس و سیول انتظامیہ نے ٹریفک کی خلاف ورزیوں کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے درجنوں ایف آئی آر درج کرکے ڈرائیوروں کو حراست میں لیا ہے اور سینکڑوں گاڑیوں کا چالان کیا ہے۔پولیس نے ٹریفک قوانین کی عمل آوری کو یقینی بنانے و خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کو بے نقاب کرنے کے لئے واٹس ایپ نمبرات بھی جاری کئے ہیں۔پولیس کی کارروائی پر اگر چہ عوامی سطح پر پذیرائی ملی ہے تاہم یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ صرف کچھ دن تک ہی جاری رہے گی۔
ترنگل عسر کے نزدیک بس حادثہ
بس مالک کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ پولیس نے گذشتہ ہفتے ترنگل عسر میں حادثہ کا شکار ہوئی بس کے مالک کے خلاف عسر تھانہ میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا۔ اطلاعات کے مطابق گذشتہ ہفتے کشتواڑ سے جموں جارہی بس ترنگل عسر کے نزدیک حادثہ کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں 39 افراد ہلاک و 17 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے بعد عسر پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر زیر نمبر 21/2023 تحت دفعات A-279/338/304 درج کیا گیا تھا اور ایڈیشنل ایس پی ہیڈکواٹر کی زیر نگرانی و ڈی ایس پی ڈی اے آر کی قیادت میں ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی تھی اور تفتیش کے دوران بس کے مالک دھیرج گپتا ولد کندن لال ساکنہ نروال پائیں سواری جموں کے خلاف ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات جاری ہے۔