منڈی//پونچھ سڑک حادثے کے بعد محکمہ ٹریفک کافی حد تک متحرک ہو گیا ہے۔ ضلع پونچھ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر محکمہ کی جانب سے کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے ایس پی ٹریفک شاہینہ واحد بھی ضلع پونچھ کے خصوصی دورے پر ہیں۔انہوںنے کشمیرعظمیٰ سے ضلع پونچھ کی ٹریفک صورت حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کسی بھی قیمت پر نہیں بخشا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی چاروں تحصیلوں میں ٹریفک پولیس کا عملہ موجود ہے جو معمول کے مطابق اپنے کام میں مشغول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے گزشتہ دنوں پونچھ میں جو سڑک حادثہ پیش آیا، اس کا انہیں دکھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا بھی فرض ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں اور ایسی گاڑیوں میں سوار ہوں جن میں کم سواریاں ہوں۔ایس ایس پی کاکہناتھا کہ ڈرائیوروں کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ گاڑیوں کو بلک ائور لوڈ نہ کریں تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ ہو سکے۔ شاہینہ واحد کا کہنا تھا کہ ضلع پولیس پونچھ اور ٹریفک پولیس آئے روز ناکے لگا کر ہر اس گاڑی کو معائنہ کرتے ہیں جس میں ضرورت سے زیادہ لوگوں کو سوار کیا گیا ہوتا ہے اور اس ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جاتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ لوگوں کے تعاون سے آنے والے وقت میں ٹریفک نظام میں مزید بہتری آئے گی۔