عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سرینگر اورجموں کیلئے ٹریفک مینجمنٹ سسٹم پر محکمہ جاتی کمیٹی نے دونوں شہروں میں شہری نقل و حرکت بڑھانے اور سڑکوں کی حفاظت بہتر بنانے کیلئے کئی تجاویز پیش کیں۔اس سلسلے میں محکمہ جاتی کمیٹی کی ایک میٹنگ ہفتہ کو چیف سکریٹری اتل ڈلو کی صدارت میںمنعقدکی گئی۔کمیٹی نے موجودہ ٹریفک چیلنجز کا ایک جامع جائزہ لیا ۔چیف سکریٹری نے سبھی اسٹیک ہولڈروں کیلئے ایک متعین کردار کے ساتھ مناسب منصوبہ بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مسافروں کیلئے سفرکو آسان بنانے کے منصوبے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔چیف سکریٹری نے صوبائی کمشنروں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے صوبوں میں اس طرح کے طریقوں پر کام کریں اور اس کے بعد جموں اور سرینگر کیلئے ایک حکمت عملی وضع کرنے کے لیے ان کو یکجا کیا جائے ۔ انہوں نے مختلف محکموں سے متعلق قابل عمل نکات کی وضاحت کرنے والا ایک ویب پورٹل بنانے کا مشورہ بھی دیا تاکہ آئندہ میٹنگوں میں پیشرفت کاآسانی سے پتہ لگایا جا سکے۔میٹنگ میںمحکمہ ٹریفک کی طرف سے سرینگر اور جموں کیلئے تفصیلی ٹریفک مینجمنٹ پلان تیار کرنے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مقامی حکام، شہریوں اور اسٹیک ہولڈروں کے تاثرات کو شامل کرنے کے بعد متبادل راستوں کی نشاندہی کرنے کیلئے سائنسی مطالعات اور ڈیٹا کے تجزیے کو بروئے کار لانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔اہم جنکشنوںاورحساس مقامات پر ٹریفک سگنلز کی تنصیب، انتظام اور دیکھ بھال سمیت ایک موثر ٹریفک مینجمنٹ سسٹم چلانے کا عہد کیا گیا۔ٹریفک اور سیاحت کے محکموں کے ساتھ مل کر زیادہ پیدل چلنے والے اور گاڑیوں کی ٹریفک والے علاقوں میں بھیڑ کو کم کرنے کی حکمت عملیوں کو نافذ کیا جائے گا۔ ٹریفک کے بڑھتے ہوئے حجم کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے سڑکوں کی توسیع یا اپ گریڈنگ کی ضرورت کے لیے اہم مقامات کی نشاندہی کی جائے گی، جس میں اہم سڑکوں کی صلاحیت کو بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔ کمیٹی نے اہم مقامات پر ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنے کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تیزی سے تکمیل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔سڑکوں کے بہتر ڈیزائن، آگاہی مہم اور حفاظتی اصولوں کے سخت نفاذ کے ذریعے حادثات اور اموات کو کم کرنے کے لیے ہدفی حکمت عملی تجویز کی گئی۔ اس کے علاوہ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی جیسے آن اسٹریٹ اور آف اسٹریٹ پارکنگ ایونیو کے لیے مزید جگہوں کا تعین کرنے پر اتفاق رائے سے یہاں کی سڑکوں پر بڑھتی ہوئی گاڑیوں کے لیے زور دیا گیا۔