خورشید ریشی
وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا اور نہ ہی وقت کسی کی امنگوں اور خواہشوں کا پرواہ کرتا ہے البتہ وہ لوگ زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں جو وقت کی قدر کرتے ہیں۔بقول شاعر
کہہ رہا ہے بہتا دریا وقت کا
قیمتی ہے لمحہ لمحہ وقت کا
وقت کے جو ساتھ چلتے رہے
کامیاب و کامراں وہ ہو گئے
وقت کا پنچھی کبھی رُکتا نہیں
وقت کا پرچم کبھی جھکتا نہیں
سال 2024 بھی اب گزر گیا اور اس سال میں پیش آنے والے کچھ واقعات کی وجہ سے یہ سال ہمیشہ لوگوں کو یاد رہے گا۔ سال 2024 میں کچھ ایسے دلدوز واقعات بھی پیش آئے، جن سے ہر ایک انسان کی آنکھ نم ہو گئی۔سڑک حادثات سال 2024 میں موت کا رقص سڑکوں پر جاری رہا اور سینکڑوں نوجوان اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔اسی طرح پانی نے بھی سال 2024 میں انسانی جانوں کے ساتھ موت کا کھیل کھیلا اور بچوں،نوجوانوں اور بزرگوں کو درنگبل سرینگر اور راجوار جیسے واقعات کے ذریعے ہر ایک ذی شعور انسان کی آنکھ کو نم کیا۔آتشزدگی کے واقعات نے بھی بہت سارے گھرانوں کو کسم پرسی کی حالت میں چھوڑ دیا۔اسی طرح انسانیت کو شرمسار کرنے والے واقعات بھی سال 2024 میں رونما ہوئے ،جہاں پر بیٹے نے اپنے والدین کو اور والدین نے اپنے ہی لخت جگر کو ابدی نیند سُلا دیا اور ان واقعات سے سماج میں ہر ایک پر خوف تاری ہوا اور ہر طرف ہُو کا عالم نظر آنے لگا۔سال 2024 میں نوجوان روزگار کی تلاش میں دھکم دھکا کرتے ہوئے اور ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرتے ہوئے دیکھے گئے اور ایسے نوجوانوں کی تعداد انکے مقابلے میں زیادہ پائی گئی جنہوں نے سال 2024 کا زیادہ وقت کھیل کے میدانوں میں صرف کیا اور راتوں رات کروڑ پتی بننے کے چکر میں آن لائن جوا اور مختلف آن لائن گیموں کے ذریعے اپنے والدین کے خون پسینے کی کمائی کو دیکھتے ہی دیکھتے تباہ و برباد کیا۔سال 2024 میں منشیات مخالف آپریشن تیز کرتے ہوئے جموں کشمیر پولیس نے سینکڑوں منشیات فروشوں کو پکڑ کر ان کے قبضے سے نشہ آور چیزوں کو ضبط کرکے اس ناسور کو پھیلنے سے روک لیا۔سال 2024 میں تقریبا دس سال بعد پہلے پارلیمانی اور پھر اسمبلی الیکشن کرائے گئے جس میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کرتے ہوئے ان گلی کوچوں اور بازاروں کو رونق بخشی، جہاں پر نقل و حمل بہت کم ہوا کرتی تھی اور اس دوران کئی ایک جملے بالی ووڈ فلموں کے ڈائیلاگوں کی طرح بہت مشہور ہو گئے۔سال 2024 میں سوشل میڈیا پر بھی نت نئے لوگ معیاری اور غیر معیاری مواد لے کر وارد ہو گئے اور ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ہم نے کس کو سراہا ،یہ ہر ایک انسان اچھی طرح جانتا ہے۔سال 2024 میں کچھ ایسے لوگوں کی کہانی بھی سامنے آئی جنہوں نے سرکاری ملازمت کا انتظار کرنے کے باوجود اپنے یونٹ کھولے اور کامیابی کے ساتھ ایک تو خود روزگار کمایا اور دوسرے لوگوں کو بھی اس کے ساتھ جوڑ کر سینکڑوں گھرانوں کے چولہوں کو بُجھنے سے بچایا۔سال 2024 میں طلبہ و طالبات نے مختلف امتحان میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہاں کے نوجوان طبقے میں ایک نیا جوش اور ولولہ پیدا کیا اور انھیں اس بات کی ترغیب دی کہ وقت کی قدر کرنے والے اور محنت کرنے والے زندگی کے کسی بھی امتحان میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔اور سال 2024 میں لاکھوں معصوم بچوں اور والدین کے چہروں پر یہ خوشی دیکھنے کو ملی جب موجودہ سرکار نے پرانے طرز پر امتحان لینے کا اعلان کیا اور پرانے امتحانی سیشن کو بحال کیا اور سال 2024 کے آخری ایام میں وادی کشمیر کے تمام اضلاع میں برفباری سے ایک نئی رونق اور چہل پہل دیکھنے کو ملی، الغرض سال 2024 اپنی کٹھی میٹھی یادوں کے ساتھ ہم سے رخصت ہوا اور اس امید کے ساتھ کہ سال 2025 میں ہمیں ایسے دلدوز واقعات کا سامنا نہ کرنا پڑے، جس سے انسانیت کا خون ہو اور عام لوگوں کی زندگی دشوار بن جائے۔ زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں، لہٰذا ہر ایک سے اپنے تعلقات درست کریں ،اچھائی کو پھیلائیں اور سماجی بدعات کے خلاف اپنے مقدور کے مطابق آواز اُٹھائیں۔
پھر نیا سال ٬نئی صبح ٬نئی امیدیں
اے خدا خیر کی خبروں کے اُجالے رکھنا
[email protected]>