ایم ایم پرویز
رام بن//بدھ کی دیر شام جموں سری نگر قومی شاہراہ پر کرول کے جسوال پل کے قریب ایک لدے ٹرک کی زد میں آکر ایک نابالغ لڑکے کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ بدھ کی شام کو پولیس اسٹیشن چندر کوٹ سے ٹیلی فونک اطلاع موصول ہوئی کہ ایک تیز رفتار ٹرک جس کا رجسٹریشن نمبر JK02CD-5186 جموں سے کشمیر جا رہا تھا حادثے کا شکار ہو گیا جس کی وجہ سے ایک راہگیر ٹرک سے ٹکرا گیا اور اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔پولیس نے متوفی نابالغ کی شناخت آصف حسین (12) ولد بشیر احمد ساکن تھانیری، چندر کوٹ کے بطور کی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں ملوث نامعلوم ڈرائیور اپنی گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔تاہم اس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔پولیس نے بتایا کہ متوفی لڑکے کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے ضلع اسپتال رام بن کے مردہ خانہ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس نے ایف آئی آر نمبر 21برائے 2025، دفعہ 281/125 بی این ایس کے تحت پولیس سٹیشن چندر کوٹ میں مقدمہ درج کیا ہے۔