عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
نیویارک //امریکا کے سابق صدر اور ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے ا?خری دونوں میں اوٹ پٹانگ حرکتیں شروع کردی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز ریاست وسکونسن میں کچرے کے ٹرک کی سواری کی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیا کروں، جو کچھ صدر بائیڈن اور اْن کی نائب کملا ہیرس نے کیا ہے اْس کے پیشِ نظر ایسا کرنا تو بنتا تھا۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں کچرے کا یہ ٹرک جو بائیڈن اور کملا ہیرس کے اعزاز میں چلا رہا ہوں جنہوں نے چار سالہ مدت میں اچھا خاصا کچرا پیدا کیا ہے۔ یہ سارا کچرا چونکہ ڈیموکریٹس کا پیدا کردہ ہے اِس لیے اِسے ٹھکانے لگائے بغیر ہم اپنا کام ڈھنگ سے شروع نہیں کرسکتے۔یاد رہے کہ تین دن قبل امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک اجتماع سے خطاب کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کو کچرا قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر کو وہی لوگ سپورٹ کر رہے ہیں جن کی اپنی نظر میں بھی کوئی وقعت نہیں۔کچرے کے ٹرک پر سواری کے دوران ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا کو قدم قدم پر کچرے کے ڈھیر کا سامنا ہے۔ بائیڈن انتظامیہ کی پالیسیوں نے یہ کیفیت پیدا کی ہے۔ امریکا سے محبت کرنے والوں کو اندازہ ہونا چاہیے کہ اْن کے ووٹوں سے منتخب ہونے والوں نے اْن سے کیا سلوک روا رکھا ہے۔