یواین آئی
واشنگٹن// امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان سے امریکی ساخت کے سیکورٹی آلات کی خریداری میں اضافہ کرنے اور منصفانہ دو طرفہ تجارتی تعلقات کی طرف بڑھنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ ٹرمپ نے کل رات وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ فون پر بات چیت کے دوران یہ بات کہی۔امریکی صدارتی دفتر ‘وہائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مودی کے وہائٹ ہاؤس کے دورے کے منصوبوں پر بھی بات چیت کی۔بیان میں کہا گیا ہے “آج صدر ڈونالڈ جے۔ ٹرمپ نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ نتیجہ خیز گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے تعاون کو وسیع کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کئی علاقائی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا جن میں ہند-بحرالکاہل، مغربی ایشیا اور یوروپ میں سلامتی کا مسئلہ شامل ہے۔ “صدر نے ہندوستان کی طرف سے امریکی ساختہ سیکورٹی آلات کی خریداری کو بڑھانے اور منصفانہ دو طرفہ تجارتی تعلقات کی طرف بڑھنے کی اہمیت پر زور دیا۔”