یواین آئی
گیونگجو (جنوبی کوریا)//امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی ستائش کرتے ہوئے انہیں ’ایک بہت ہی اچھا انسان‘ بتایا اور اس بات کا اشارہ دیا کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تجارتی معاہدہ جلد طے ہو سکتا ہے۔جنوبی کوریا کے گیونگجو میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پیک) اجلاس کے موقع پر مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے 54ویں بار یہ دعویٰ کیا کہ انہوں نے مئی میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایٹمی جنگ بندی میں ذاتی کردار ادا کیا تھا۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے دشمنی کو روکنے کے لیے وزیر اعظم مودی اور پاکستانی قیادت سے فون پر ذاتی طور پر بات چیت کی۔ انہوں نے کہا، ’’میں ہندوستان کے ساتھ ایک تجارتی معاہدہ کرنے جا رہا ہوں اور وزیر اعظم مودی کے لیے میرے دل میں بہت احترام اور محبت ہے۔ ہمارے درمیان بہترین تعلقات ہیں۔ پاکستان کے وزیر اعظم بھی ایک عظیم شخصیت ہیں۔ وہ دونوں ایٹمی طاقت رکھنے والے ممالک ہیں۔‘‘امریکی صدر نے بتایا کہ انہوں نے وزیر اعظم مودی کو فون کر کے کہا کہ امریکہ ہندوستان کے ساتھ تجارتی معاہدہ نہیں کر سکتا، کیونکہ ہندوستان اس وقت پاکستان کے ساتھ جنگ میں الجھا ہوا ہے۔اس پر وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دونوں ملکوں کو تجارتی معاہدہ ضرور کرنا چاہیے، لیکن وزیراعظم مودی نے یہ بھی کہا، ’’ہمیں لڑنے دیجیے۔‘‘اس پر ٹرمپ نے وزیر اعظم مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’’آہا! یہ وہی شخص ہیں جنہیں میں جانتا ہوں۔‘‘صدر ٹرمپ نے کہا کہ نریندر مودی ایک بہت ہی اچھے، مضبوط اور قابل انسان ہیں۔ٹرمپ نے مزید بتایا کہ دو دن بعد دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے فون کیا اور لڑائی بند کرنے پر اتفاق کر لیا۔انہوں نے کہا ’’یہ کیسا ہے؟ کیا یہ حیران کن نہیں؟ کیا آپ کو لگتا ہے کہ بائیڈن ایسا کرتے؟ مجھے نہیں لگتا۔‘‘
ٹرمپ نے مودی کو ’بہت اچھا انسان‘ قرار دیا | تجارتی معاہدے کا اشارہ دیا