وہ شہر کچھ انوکھا تھا، جہاں لوگ اپنی ٹراول ہسٹری(Travel History)چُھپاتے پھرتے تھے۔ اُس شہر کا ایک ایک فرد ٹراول ہسٹری رکھتا تھا۔لیکن یہ جاننے کے باوجود بھی لوگ ایک دوسرے کو اپنی سفری روئیداد سنانے سے کتراتے تھے۔ شاید اس لئے کہ لوگ فوراًاسے وائرس سے جوڑتے تھے۔۔۔۔!
’’جناب آ پکی ٹراول ہسٹری کیا ہے‘‘۔ ایک دن میں نے نظیر صاحب سے پوچھا۔ نظیر صاحب میرے ہی محلے میں رہتے تھے لیکن اُن کی لائف ہسٹری مجھے معلوم نہیں تھی۔ ہاں! اتنا تو ضرور معلوم تھا کہ وہ میرے محلہ کی مسجد شریف کے متولی ہیں۔ خیر میرا سوال سن کر نظیر صاحب آپے سے باہر ہوگئے۔
’’میں نے کوئی ٹراول شاول نہیں کیا ہے تو ہسٹری کیا ہوسکتی ہے؟آئندہ کبھی بھی ایسا بے ہودہ سوال نہیں پوچھئے گا!‘‘ نظیر صاحب کا اندازِ بیان دیکھ کر میں خود سکتے میں آگیا۔ نظیر صاحب ایک بڑے عہدے پر ریٹائر ہوئےتھے۔ وہ ایک شریف النفس اور اعلیٰ کردار کے مالک تھے۔ آج پہلی بار میں نے اُن کو اس طرح غصے میں دیکھا تھا۔ میں نے پھر نظیر صاحب سے پوچھا۔
’’جناب میں کچھ پوچھ رہا تھا!‘‘
’’شٹ اپ۔۔۔۔!‘‘ مزید کچھ کہے بغیر اُس نے منہ پھیر لیا۔۔۔ لیکن میں بھی چھوڑنے والا کہاں تھا۔ مجھے آج کہانی کیلئے پلاٹ چاہئے تھا۔ لہٰذا میں کچھ قدم اور آگے بڑھا۔ اس بار نظیر صاحب سے وہی سوال پوچھا لیکن میں نے اپنا طرزِ بیان تبدیل کیا۔
’’ہاں نظیر صاحب! آپ کی طرح میری بھی ٹراول ہسٹری ہے میری ٹراول ہسٹری چھپ چکی ہے۔ ایک پبلشر نے مجھے اس کتاب پر رائلٹی بھی دی ہے۔‘‘
’’پبلشر کون تھا!؟‘‘ نظیر صاحب تعجب سے بولے۔
’’جی ناسکی پبلشرس‘‘
ناسکی نام سن کر نظیر صاحب فوراً مجھ سے بغل گیر ہوئے۔ خوشی سے اُس کا چہرہ کِھل اُٹھا۔
’’تمہاری ٹراول ہسٹری کو لوگوں نے بہت ہی سراہا۔اُس کتاب کی اب تک چار ہزار کاپیاں بک چکی ہیں۔ اب اس کا دوسرا ایڈیشن عنقریب شائع ہوگا۔ کیا خوب لکھا ہے۔’’آدمی مسافر ہے۔ عالم ظلمات سے لیکر دُنیائے دوں تک اور پھر حیات ناپائیدار سے لیکر موت کا مرحلہ آنے تک ہر انسان کی ایک ٹراول ہسٹری ہوتی ہے! وہی جیتا ہے جس نے اپنی ٹراول ہسٹری کو تاریخ کا روپ عطا کیا۔ جس نے انسانیت کی خاطر خود کو وقف رکھا۔ جو دوسروں کے کام آیا۔ وہی جیتا وہی سکندر!‘‘
’’لیکن صاحب! آپ کو ٹراول ہسٹری نامی اس کتاب کے بارے میں اتنی واقفیت کیسے!؟‘‘ میں نے حیرت زدہ ہوکر نظیر صاحب سے پوچھا۔
’’اس لئے کہ ٹراول ہسٹری کتاب کا پبلشر میں ہی ہوں، ناسکی پبلشرس‘‘۔ نظیر صاحب نے مسکراتے ہوئے جواب دیا۔
���
رابطہ: آزاد کالونی پیٹھ کا انہامہ،بیروہ، موبائل نمبر،9906534724