جموں//ٹرانسپورٹس یونین آف جموں اینڈکشمیر نے وزیر مملکت ٹرانسپورٹ سنیل کمار شرما سے ملاقات کے دوران ترجیحی بنیادوں پر مطالبات کے ازالہ کی یقین دہانی پر29 مارچ سے غیرمعینہ ہڑتال کی کال واپس لے لی ہے۔ترجمان کے مطابق سنیل شرما اور ٹرانسپورٹوں کے درمیان ایک میٹنگ منعقدہوئی جس میں مسائل پرغوروخوذ کیاگیا۔ میٹنگ میں ایم ایل سی چرنجیت سنگھ خالصہ، ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹرپون کوتوال، کمشنر/سیکریٹری ٹرانسپورٹ ہیمنت کمار شرما، ٹرانسپورٹ کمشنر شیخ فیاض احمد، ایس ایس پی جموں سنیل گپتا، ایس ایس پی ٹریفک جموں نیشانتھیال، ایڈیشنل سیکریٹری اشوک کمار، ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر جموں اشونی کھجوریہ، چیئرمین ٹرانسپورٹس یونین ٹی ایس وزیر، کے ایم ڈی اے سرینگر عبدالقیوم اور متعدد ٹرانسپورٹ یونینوں کے عہدیداران موجودتھے۔اس دوران میٹنگ میں ٹرانسپورٹوں نے میمورنڈم جوفیس اورٹیکسوں میں اضافہ سے متعلق مرکزی اورریاستی حکومت کی تجاویز واپس لینا،مسافرکرایوں پرنظرثانی کرنے،پسینجر ٹیکس معاف کرنا، پسینجرویلفئر فنڈاور نیشنل ہائی و ے پرلوکل باڈی ٹیکس کوواپس لینے، تمام کمرشل گاڑیوں پر سپیڈگورنر کے نفاذ کوواپس لینے وغیرہ مطالبات پرمشتمل تھا پیش کیا۔اس دوران وزیر موصوف نے کہاکہ حکومت ٹرانسپورٹوں کی مشکلات سے باخبر ہے اوران کوترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کیلئے کوشش کرے گی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ حکومت ٹرانسپورٹروں کے مسائل کاجائزہ لے گی۔شرمانے کہاکہ ٹرانسپورٹ انڈسٹری اہم صنعت ہے جس کومضبوط بنانے کی حکومت وعدہ بندہے۔انہوں نے ٹریفک حکام کو ہدایت دی کہ وہ چیکنگ پوانٹس کی تعداد میں کمی لائیں تا کہ ٹرانسپورٹروں کو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔سُنیل کمار شرما نے افسروں پر زور دیا کہ وہ مزید لگن اور تندہی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے کر محکمہ کی ساکھ میں مثبت تبدیلی لائیں۔قبل ازیں ٹرانسپورٹروں نے 23 جنوری کو مطالبات کے سلسلے میں 72 گھنٹوں کی ہڑتال کی کال دی تھی اوراس کے بعد وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی یقین دہانی پر اسے واپس لیاگیاتھا۔دومہینے گذرنے کے باوجود مسائل کاازالہ نہ ہونے کے بعد 25 مارچ کو ٹرانسپورٹروں نے 29 مارچ سے ہڑتال کرنے کااعلان کیاتھاجسے وزیرمملکت ٹرانسپورٹ سنیل شرماکے ساتھ منعقدہ میٹنگ کے بعدواپس لے لیاگیاہے۔