اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ محمد یونس ملک نے ضلع کے بجبہاڑہ ،ہرناگ، دیالگام اورمٹن علاقوں کا دورہ کرکے مختلف زیر تکمیل پروجیکٹوں کی پیش رفت کاجائزہ لیا۔بجبہاڑہ میں ترقیاتی کمشنر نے ٹراماہسپتال کی تعمیر کے کام کا معائنہ کیا جس پر 13کروڑ روپے کی لاگت آرہی ہے۔اس کام پر اب تک 5.5کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ترقیاتی کمشنر نے ہسپتال کے پورے کام کو دسمبر2018ءتک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ایک سومیٹر گدانجی پورہ پُل جس کی تعمیر پر 12کروڑ روپے کی لاگت آرہی ہے ،ترقیاتی کمشنر نے پُل کے کام کو مقررہ وقت یعنی اگست2020ءتک مکمل کرنے کے احکامات صادر کے۔ہرناگ کے دورے کے دوران ترقیاتی کمشنر کو بتایا گیا کہ تین عمارتیں کیمونٹی سینٹر ٹورسٹ ریسپشن سینٹر اور ٹورسٹ سہولیاتی مرکز کی تعمیر پر 13.73کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔بعد میں ترقیاتی کمشنر نے دیالگام میں گورنمنٹ میڈیکل کالج کی تعمیر کے کام کا بھی معائنہ کیا جو کہ 177کنال اراضی پرتعمیر ہورہا ہے۔