مینڈھر//گوجر بکروال ایڈوائزری بورڈ کے ریاستی ممبران چوہدری محمد صادق اورزاہدہ چوہدری نے ممبراسمبلی پر سیاسی بنیادوں پر لوگوںکو فائدہ دینے کا الزام عائد کیاہے ۔ مینڈھر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گوجر بکروال لیڈران نے کہاکہ ٹرائبل سب پلان فنڈ سال2016-17 پر سیاسی لیڈران کی ریشہ دوائیوں کے باعث چند افراد کی جانب سے ہائی کورٹ میں درخواست دی گئی ہے جس پر عدالت نے حکم امتناعی جاری کیاہے ۔انہوںنے کہاکہ عرضی دائر کرنے والے افراد کا تعلق متعلقہ ایم ایل اے کے حاشیہ برداروںمیںسے ہے اور اب حکم امتناعی کے باعث سب پلان سال2016-17 بغیر کسی بھی فرد کو مفاد پہنچائے لیپس ہوجائے گا۔انہوںنے الزام لگایاکہ ایم ایل اے نے اپنی ہی برادری کے لوگوں کے کام پر روک لگوائی ہوئی ہے اور وہ صرف انہی لوگوں کے ایم ایل اے رہ گئے ہیں جنہوں نے انہیں الیکشن میں ووٹ دئیے جبکہ بقیہ آبادی کو سیاسی چالوں کا استعمال کرکے نظرانداز کیاجارہاہے ۔انہوںنے کہاکہ جو منصوبے گوجر بکروال طبقہ کیلئے رکھے گئے تھے ،ان کا بھی استعمال نہیں کیاجارہاجو لمحہ فکریہ ہے ۔انہوںنے یہ الزام بھی لگایاکہ یہ کام اس لئے نہیںہونے دیئے جارہے کیونکہ ان سے لیڈران کو کمیشن نہیں ملے گی ۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ 25سال سے ٹی ایس پی فنڈ کا یہی لوگ ناجائز استعمال کرتے رہے ہیں اور پہلی بار ریاستی سرکار نے اس فنڈ کو گوجر ایڈوائزری بورڈ ممبران کے ذریعہ عام لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کی اور کچھ پیسہ سرکار نے خود سکولی عمارت اور کلسٹر ولیج اور گوجر ہوسٹلوں کی تعمیر و ترقی کیلئے واگزار کیا،تاہم وہ بھی ان لوگوں کو برداشت نہیں ہوا۔گوجر ایڈوائزری بورڈ ممبران کے علاوہ حاجی محمد دین پسوال نائب صدر ضلع پی ڈی پی،چوہدری عبدالمجید صدر لیبر یونین مینڈھر ،چوہدری قمر دین ،چوہدری نثار احمد، نذیر احمد سرپنچ گاہنی، اقبال چوہدری نمبردار دہارگلون، چوہدری نذیر احمد،چوہدری محمد اعظم، چوہدری عبد المجید صدر مزدور یونین مینڈھر وغیرہ نے بھی معاملے کو عدالت میں لیجانے کی مذمت کی ہے۔