ممبئی// خصوصی ٹاڈا عدالت نے جمعہ 1993 کے ممبئی دھماکوں کے دوسرے مرحلہ کے مقدمے کا فیصلہ سنایا۔عدالت نے پرتگال سے حوالگی کے تحت ہندوستان لائے گئےا بوسلیم اور دیگر پانچ مصطفی ڈوسہ، ریم اللہ، فیروز عبد الرشید خان، ریاض صدیقی، طاہر مرچنٹ کو قصوروار قرار دیا ہے جبکہ عبدالقیوم کو باعزت بری کردیا گیا ہے۔خیال رہے کہ 2007 میں مکمل ہوئی سماعت کے پہلے مرحلے میں ٹاڈا عدالت نے اس معاملہ میں 100 ملزموں کو مجرم ٹھہرایا تھا ، جبکہ 23 افراد بری ہوئے تھے۔ ابو سلیم پر گجرات سے ممبئی ہتھیار لے جانے کا الزام ہے۔ سلیم نے غیر قانونی طور پر ہتھیار رکھنے کے ملزم اداکار سنجے دت کو اے 56 رائفلیں، 250 کارتوس اور کچھ گرینیڈ 16 جنوری 1993 کو ان کی رہائش گاہ پر دئے تھے۔ دو دن بعد 18 جنوری 1993 کو سلیم اور دو دیگر دت کے گھر گئے اور وہاں سے دو رائفلیں اور کچھ گولیاں لے کر واپس آئے تھے۔قابل ذکر ہے کہ ممبئی میں ہوئے ان دھماکوں میں 257 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ 713 شدید زخمی ہوئے تھے۔