نئی دہلی// قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے امیدوار ایم وینکیا نائیڈو ملک کے نئے نائب صدر منتخب کئے گئے۔نائیڈو نے 18 اپوزیشن پارٹیوں کے امیدوار گوپال کرشن گاندھی کو بھاری ووٹوں کے فرق سے ہرایا۔ انہیں کل درست ووٹوں میں سے 516 ووٹ ملے جبکہ گاندھی کے حق میں 244 ووٹ پڑے۔راجیہ سبھا کے جنرل سکریٹری شمشیر کے شریف نے ووٹوں کی گنتی کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ نائب صدر کے انتخابات میں 785 ووٹروں میں سے 771 نے اپناحق رائے دہی استعمال کیا جن میں سے 760 ووٹ درست پائے گئے۔ووٹنگ پارلیمنٹ ہاؤس میں صبح دس بجے سے شام پانچ بجے تک چلی اور کل 98.21 فیصد پولنگ ہوئی۔مختلف جماعتوں کے 14 رہنما ووٹنگ نہیں کر پائے۔ نائیڈو ملک کے 13 ویں نائب صدر ہوں گے۔ وہ 11 اگست کو عہدے کا حلف لیں گے۔ رخصت پذیر نائب صدر محمد حامد انصاری کی میعاد 10 اگست کو ختم ہو رہی ہے۔ وہ مسلسل دو میعادں تک اس عہدے پر رہے۔ نائیڈو پہلے اطلاعات و نشریات اور شہری ترقی کے وزیر تھے، وہ طالب علم کی زندگی ہی سیاست میں آ گئے تھے اور مسلسل بھارتیہ جنتا پارٹی سے جڑے رہے اور اس کے قومی صدر بھی بنے۔