عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
کراکس// وینزویلا میں تشدد کے دوران 20 سے زیادہ فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کچھ کو گولی لگی ہے ۔وینزویلا کے وزیر دفاع ولادیمیر پیڈرینو لوپیز نے کل کہا کہ “اس وقت ہمارے پاس 23 فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ، جن میں سے کچھ کو گولی لگی ہے ۔” یہ فوجی آج کے پرتشدد واقعات کا شکار ہوئے ہیں۔ زخمی فوجیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔’’ انہوں نے ملک کے شہریوں اور سیاسی طاقتوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی۔قابل ذکر ہے کہ اتوار کو وینزویلا میں صدارتی انتخابات ہوئے تھے اور مسٹر نکولس مادورو نے اس میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے بعد کراکس میں مظاہرے پھوٹ پڑے ، جس کے نتیجے میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ عوام نے صدر نکولس مادورو کے تیسری مدت کے لیے انتخابات جیتنے کے نتائج کو ماننے سے انکار کر دیا ہے ۔عوام سڑکوں پر نکل آئی ہے ، اور صدر مادورو کی کامیابی کے خلاف احتجاج شروع ہو گیا ہے ، دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں عوام اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔وینزویلا حکومت نے ، صدارتی انتخابات کے بارے میں جاری کردہ بیانات کی وجہ سے ، 7 لاطینی ممالک کے سفارتی عملے کو ملک سے “فوری ” اخراج کا حکم دے دیا ہے ۔وینزویلا حکومت نے جاری کردہ بیان میں ارجنٹائن، چلی، کوسٹا ریکا، پیرو، پاناما، جمہوریہ ڈومینک اور یوراگوئے سے ، 28 جولائی کو منعقدہ وینزویلا صدارتی انتخابات کے بارے میں جاری کردہ بیانات کو ملک کے داخلہ معاملات میں مداخلت قرار دے کر ، اپنے صدارتی عملے کو وینزویلا سے فوری طور پر نکالنے کا مطالبہ کیا ہے ۔بیان میں نکولس مادورو حکومت کے بھی مذکورہ 7 ممالک سے اپنا تمام سفارتی عملہ واپس بُلانے کا ذکر کیا گیا اور کہا گیا ہے کہ ” وینزویلا کو اپنی تقدیر کا خود فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے اور وینزویلا اپنی امن و اتحاد کی فضاء کے لئے خطرہ تشکیل دینے والے تمام اقدامات کے مقابل ضروری تدابیر اختیار کرنے پر بھی قادر ہے ۔ ہم، انتخابی نتائج کو نظر انداز کرنے پر مبنی تمام بیانات کی سختی سے تردید کرتے ہیں”۔واضح رہے کہ ارجنٹائن، چلّی، کوسٹا ریکا، پیرو، پاناما، جمہوریہ ڈومینک اور یوراگوئے نے جاری کردہ بیانات میں وینزویلا کے صدارتی انتخابات کے بارے میں اندیشوں کا اظہار کیا تھا۔مذکورہ ممالک نے وینزویلا صدارتی انتخابات کے نتائج پر تفصیلی نظر ثانی کے لئے امریکی ممالک کی تنظیم OSA سے ہنگامی اجلاس کی اپیل کی تھی۔وینزویلا الیکشن کمیشن کے کل جاری کردہ انتخابی نتائج کی رُو سے ‘مادورو’ 51،20 فیصد ووٹ حاصل کر کے تیسری دفعہ ملک کے صدر منتخب ہو گئے تھے ۔