کٹرہ// ریاست کے گورنر این این ووہرا نے آج شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی کے سالانہ3 روزہ کلچرل فیسٹول کا ککریال میں افتتاح کیا۔ریاست اور ملک کی دیگر ریاستوں کے طُلبأ کا کلچرل فیسٹول میں خیر مقدم کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ جس طرح روائتی تعلیم میں بہتر کارکردگی ضروری ہے اسی طرح تمدنی پروگراموں میں بھی شرکت لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمدنی پروگراموں سے نوجوان نسل کو ملک کی ثقافت، زبانوں،مذہبی اور تمدنی روایات کے بارے میں جانکاری ملتی ہے جس سے اُن کے نظریات کو وسعت ملتی ہے اس لئے طُلبأ کو غیر نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہر ایک مذہب ہمیں اخوت، بھائی چارے اور انسانیت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے طُلباء کو اپنے آپ میں قوت برداشت پیدا کرنے کی تلقین کی۔گورنر نے فیسٹول کے مختلف پروگراموں میں کامیابی کے لئے طُلباء کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سنجیو جین کو تمام طُلبأ کی مہمان نوازی اور دلچسپ انعامات دینے کی تلقین کی تا کہ فیسٹول ایک یاد گار تقریب ثابت ہوسکے۔گورنر نے شرکاء کو ماتا ویشنو دیوی گپھا کا دورہ کرنے اور شرائین بورڈ کی طرف سے قائم کی گئی سہولیات بالخصوص سُپر سپشلٹی ہسپتال، نرسنگ کالج، سپورٹس کمپلیکس اور دیگر سہولیات کا مشاہدہ کرنے کی دعوت دی۔گورنر نے امتھانات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طُلباء میں نقد انعامات بھی تقسیم کئے۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں طُلباء کی زندگی میں تمدنی پروگراموں کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔