عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نوراتری کا تہوار قریب آنے کے ساتھ ہی، شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کٹرا ہ ریلوے اسٹیشن پریاتریوں کی آسانی کے لیے رجسٹریشن کاؤنٹر شروع کرے گا ۔بورڈ نے 3اکتوبر سے شروع ہونے والے نوراتروں کے سلسلے میں مختلف انتظامات کا جائزہ لیا اور 9 روزہ تہوار سے قبل سخت سیکورٹی اور آپریشنل تیاریوں پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) انشول گرگ نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا’’اس سال، ہم نے اضافی اقدامات کیے ہیں۔ ہم کٹرا ہ ریلوے اسٹیشن پر رجسٹریشن کاؤنٹر شروع کر رہے ہیں، جو کل سے کام کرنا شروع کر دیں گے‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ اسٹیشن پر آٹھ مخصوص کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں، جو صبح 5 بجے سے عقیدت مندوں کی رجسٹریشن شروع کر دیں گے۔انہوں نے کہا’’اس کے ساتھ رجسٹریشن کاؤنٹرز کی تعداد 39 سے بڑھ کر 47ہو گئی ہے۔ عقیدت مند 47 مقامات پر اپنا اندراج کروا سکتے ہیں۔ تمام سہولیات رجسٹریشن کاؤنٹرز پر جگہ جگہ رکھی گئی ہیں”۔گرگ نے کہا کہ نئے آر ایف آئی ڈی کارڈز کو بہتر سیکورٹی اور تمام یاتریوں کے لیے لازمی رجسٹریشن کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل صبح سے نیا کارڈ متعارف کرایا جائے گا۔