عظمیٰ نیوزسروس
جموں//تازہ بارشوں اور مسلسل خراب موسمی صورتحال کے باعث یاتریوں کی حفاظت کو مد نظر رکھتے ہوئے جموں کے ریاسی ضلع میں تریکوٹہ پہاڑیوں میں ویشنو دیوی مندر کی درشن 14ویں دن بھی معطل رہی۔ حکام کے مطابق موسم مسلسل خراب بنا ہوا ہے اور تازہ بارشیں ہوئی جس کے بعد یاتریوں کی حفاظت کو دیکھتے ہوئے مسلسل 14ویں دن ویشنو دیوی یاترا معطل رہی۔انہوں نے کہا کہ ملک کے دوسرے حصوں سے بہت سے یاتری اب بھی کٹرا میں ٹھہرے ہوئے ہیں اور امید ہے کہ یاترا جلد ہی دوبارہ شروع ہو جائے گی اور وہ درشن حاصل کر سکیں گے۔حکام نے بتایا کہ یاترا دو ہفتے قبل شروع میں شدید بارش اور مندر کی طرف جانے والی پٹریوں کے ساتھ مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے روک دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کلیئرنس آپریشنز کے باوجود خراب موسم نے یاتریوں کیلئے راستے کو غیر محفوظ بنا دیا ہے، جس سے حکام کو معطلی جاری رکھنے پر مجبور ہونا پڑا۔ہزاروں یاتری جو یاترا کی امید کے ساتھ کٹرا پہنچے تھے انہیں موسم کے بہتر ہونے تک انتظار کرنے کو کہا گیا ہے۔ شرائن بورڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ بورڈ نے پھنسے ہوئے یاتریوں کیلئے انتظامات کیے ہیں اور انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ تال میل کے ساتھ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حفاظت اولین ترجیح ہے۔