سمت بھارگو
جموں//سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے ہفتے کے روز حکام سے کہا کہ وہ ویشنو دیوی مندرکو مذہبی مقام ہی رہنے دیں کیونکہ جموں و کشمیر میں ایسے بے شمار دیگر مقامات ہیں جنہیں سیاحتی خطوط پر ترقی دی جا سکتی ہے اور وہاں روپ وے نصب کیا جا سکتا ہے۔وہ کٹرہ قصبہ میں اپنے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہی تھیں جہاں انہوں نے احتجاج کرنے والے مزدوروں اور دیگر نمائندوں سے ملاقات کی جو کٹرہ شہر اور ویشنو دیوی مندر کے درمیان کٹرا میں ایک نئے روپ وے منصوبے کی تنصیب کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔محبوبہ مفتی نے کہا’’ویشنو دیوی مندربے پناہ مذہبی اقدار کا مقام ہے اور یہاں دنیا بھر سے عقیدت مند آتے ہیں جو درشن کرتے ہیں جبکہ ہزاروں مزدور اور تاجر ان عقیدت مندوں کو خدمات پیش کرتے ہیں اور اپنی روزی بھی کماتے ہیں‘‘۔انہوںنے کہا’’روپ وے کی تنصیب لوگوں کی خواہشات کے خلاف ہے اور اس لیے حکومت کو اس پراجیکٹ پر دباؤ ڈالنے کے بجائے ختم کرناچاہئے‘‘۔محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ حکومت کو اس مقام کو سیاحتی خطوط پر ترقی دینے کے بجائے صرف مذہبی مقام کے طور پر چھوڑ دینا چاہیے۔انکاکہناتھا’’جموں و کشمیر میں بہت سی جگہیں ہیں جنہیں سیاحت کے لیے تیار کیا جا سکتا ہے اور وہاں یہ روپ وے نصب کیا جا سکتا ہے”۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں لوگوں کی ملازمتیں ختم ہونے کا خدشہ ہے۔ مفتی نے حکام سے اپنے حقیقی حقوق اور مطالبات کے لیے احتجاج کرنے والے ان مزدوروں کے خلاف درج مقدمات ختم کرنے کو بھی کہا۔محبوبہ مفتی نے مزید کہاکہ حکومت کو روزگار پیدا کرنے کا سوچنا چاہیے لیکن بدقسمتی کی بات ہے کہ حکومت اس محاذ پر ناکام رہی ہے۔ اپنے ایک اور سرکاری بیان میں، محبوبہ مفتی نے کہا کہ انہوں نے کٹرہ کا دورہ کیا اور ماں ویشنو دیوی سنگھرش سمیتی اور دیگر لوگوں سے ملاقات کی جو ویشنو دیوی مندر تک مجوزہ روپ وے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ان کی تشویش یہ ہے کہ یہ منصوبہ ہزاروں دکانداروں، مزدوروں اور دیگر لوگوں کی روزی روٹی کو بری طرح متاثر کرے گا۔محبوبہ مفتی نے اس سرکاری بیان میں مزید کہا کہ مقدس مقامات کو سیاحتی مقامات میں تبدیل کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کو دیکھنا پریشان کن ہے، محبوبہ مفتی نے اس سرکاری بیان میں مزید کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر، جو شرائن بورڈ کے سربراہ ہیں، اس فیصلے پر فوری نظرثانی کریں اور اس پر نظرثانی کریں۔ ایسا حل تلاش کریں جو مقامی کمیونٹی کی ضروریات اور جذبات کے ساتھ ترقی کو متوازن کرے۔