عظمیٰ نیوزسروس
کٹرہ//جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی میں ویشنو دیوی مندرکے لیے ہیلی کاپٹر سروس بدھ کے روز دوبارہ شروع ہو گئی جو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوجی تعطل کی وجہ سے ایک ہفتہ تک معطل رہی۔یہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان دشمنی کی معطلی کے بعد جموں اور سری نگر سمیت 32 ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع ہونے کے ایک دن بعد آیا ہے۔شرائن بورڈ نے ایک عہدیدار نے کہا’’ماتا ویشنو دیوی کی عبادت گاہ پر ہیلی کاپٹر سروس گزشتہ سات دنوں سے معطل رہنے کے بعد آج صبح دوبارہ شروع ہوئی‘‘۔انہوںنے کہا کہ اس ماہ کے آغاز سے ہی یاتریوں کی آمد میں بھی تیزی سے کمی دیکھنے میں آئی ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ یاتریوںکے لیے بیٹری کار سروس بھی فعال ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال جنوری سے لے کر اب تک 30لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے مندر کی زیارت کی ہے جبکہ پچھلے سال یہ تعداد 94.84 لاکھ تھی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رش کئی گنا بڑھ جائے گا۔دہلی کے ایک یاتری شوبم کمار نے کہا، ’’ہم ہیلی کاپٹر سروس کے دوبارہ شروع ہونے اور شرائن بورڈ کے انتظامات پر خوش ہیں‘‘۔