جمیکا//بہترین بلے باز یونس خان (58) اور بابر اعظم (72) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف یہاں بارش سے متاثرہ پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن چار وکٹ پر 201 رن بنا کر بہترین شروعات کی ہے ۔ دن کی اہم بات تجربہ کار یونس کا ٹیسٹ کرکٹ میں 10000 رن مکمل کرنا رہی۔ 39 سالہ یونس کو اس میچ سے پہلے 10 ہزار ٹیسٹ رن بنانے والے کھلاڑیوں کے ایلیٹ کلب میں شامل ہونے کے لئے 23 رن بنانے تھے اور انہوں نے یہاں یہ کامیابی حاصل کر لی۔ وہ یہ ریکارڈ بنانے کے ساتھ ہی پاکستان کی طرف سے 10 ہزار ٹیسٹ رن بنانے والے پہلے کرکٹر بھی بن گئے ۔ یونس نے 138 گیندوں میں 58 رن پر پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا اور بابر اعظم (72) کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 131 رن کا اضافہ کیا۔ بابر نے اپنی 201 گیندوں کی اننگز میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ پاکستان کے اوپنروں اظہر علی نے 15 اور احمد شہزاد نے 31 رن بنائے ۔ ٹیم کے 54 کے اسکور پر دونوں پویلین لوٹ گئے اور اس کے بعد یونس اور بابر نے مورچہ سنبھالا اور وہ اسکور 185 تک لے گئے ۔ یونس اسی اسکور پر شینن گریبریل کا شکار بنے ۔ ایک رن بعد ہی بابر بھی گیبریل کا شکار ہو گئے ۔ کپتان مصباح الحق پانچ اور اسد شفیق پانچ رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ گیبریل نے سب سے زیادہ دو وکٹ لئے جبکہ جیسن ہولڈر الجاري جوزف کے حصے میں ایک ایک وکٹ آیا۔ اس سے قبل پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز 286 رن پر سمیٹ دی تھی۔ شینن گیبریل تیز گیند باز محمد عامر کا چھٹا شکار بنے ۔ عامر نے اننگز میں 44 رن دے کر چھ وکٹ لئے ہیں۔ پاکستان کو برابری کے لیے اب بھی مزید 85 رنوں کی ضرورت ہے اور اس کے چھ وکٹ محفوظ ہیں۔یو این آئی