ویری ناگ // جنوبی کشمیر کے ڈورو شاہ آباد میں پولیس نے احتجاجی مظاہروں میں مبینہ مطلوب افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کر یک ڈاون شروع کیا ہے ، بیوپار منڈل ویری ناگ کے صدر کو سنگ بازی کے الزام میں کل رات پولیس نے گرفتار کرلیا ۔احتجاجی مظاہروں میں مبینہ مطلوب افراد کو گرفتار کر نے کیلئے پولیس نے اپنی مہم تیز کر دی ہے، گذشتہ روز پولیس نے ویری ناگ بیوپار منڈل کے صدر تنویر احمد صوفی کو سنگ بازی کے الزام کے تحت گرفتار کیا ،صوفی گھر کی جانب جارہا تھا کہ تاک میں بیٹھے پولیس اہلکاروں نے اُس سے گرفتار کر کے ڈورو تھانہ پہنچایا ، اس بیچ اُن کی گرفتاری پر علاقہ میں کافی غم وغصہ پایا جارہا ہے ، جبکہ بیشتر دُکانداروں نے ڈھیل کے دوران اپنی دُکانیں بند رکھی ،یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈورو پولیس نے اب تک 55افراد کو مبینہ سنگ بازی ،سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے و لوگوں کو بھڑکانے کے الزام کے تحت گرفتار کیا ہے ،جن میں سے 4پر پی ایس اے عائد کر کے جیل بھیج دیا گیا۔مسلسل چھاپہ مار کاروائی کے سبب نوجوانوں میں خوف وہراس پھیل چُکا ہے ،جبکہ کئی نوجوان گرفتاری سے بچنے کیلئے روپوش ہو چُکے ہیں ۔