عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سینٹرل ویجی لنس کمیشن(سی وی سی)کی قیادت میں ملک گیر مہم کے سلسلے میں جموں کشمیر بینک نے پیر کو ویجی لنس بیداری ہفتہ 2025کا آغاز کیا۔ایم ڈی اور سی ای او امیتاوا چٹرجی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے دہلی سے تقریب کی صدارت کی، جبکہ جموں سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سدھیر گپتا اور سی جی ایم سنیت کمار نے شرکت کی۔ CHQمیں تقریب میں CGMامتیاز احمد، چیف ویجی لنس آفیسر (CVO)امبریش کمار مشرا، جنرل منیجر، ڈپٹی جنرل منیجرز، اور بینک کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔اس سال ویجی لنس بیداری ہفتہ 27 اکتوبر سے 2 نومبر 2025تک منایا جا رہا ہے جس کا موضوع تھا ” چوکنا: ہماری مشترکہ ذمہ داری” جس میں عوامی زندگی کے ہر شعبے میں دیانتداری اور شفافیت کو فروغ دینے کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے اجتماعی فرض پر زور دیا گیا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی اور سی ای او امیتاوا چٹرجی نے اخلاقی طرز عمل کیلئے انفرادی اور ادارہ جاتی وابستگی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا’’دیانتداری اعتماد کی بنیاد ہے اور پائیدار ترقی کی جان ہے۔ ایک اہم مالیاتی ادارے کے طور پر، یہ ہمارا مشترکہ فرض ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر عمل، ہر لین دین، اور ہر فیصلہ انصاف، دیانت اور جوابدہی کی عکاسی کرتا ہے‘‘۔