بڈگام//وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے پی ڈی پی کو عوامی امیدوں کا محور قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے سیاسی و اقتصادی ایجنڈے کو پورے بر صغیر میں پذیرائی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی عوام کو کبھی بھی مایوس نہیں کرے گی اور عوام کی تمام امنگوں واحساسات کا خاص خیال رکھا جائیگا۔ خانصاحب اور بیروہ بڈگام میں انتخابی میٹنگوںسے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ پی ڈی پی کے دور اقتدار میںہی ریاست کو امن کی فضاء قائم ہوگی اور مجموعی تعمیر و ترقی کا نئے دور کا آغا ز ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ انکی پارٹی ریاست کو امن اور یکساں ترقی کے حوالے سے پُر عزم ہے اور پارٹی اپنے سیاسی واقتصادی ایجنڈے کو عوام کے تعاون کے ساتھ پائے تکمیل تک پہنچائے گی۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ عوام کی کافی امیدیں پی ڈی پی کے ساتھ و ابستہ ہے اور پی ڈی پی کبھی بھی عوام کو مایوس نہیں کرے گی۔ محبوبہ مفتی نے کہا ’’مجھے یہ دیکھ کر انتہائی مسرت ہو رہی ہے کہ عوام پی ڈی پی کو اپنی جماعت تصور کر رہی ہے اور ہم سے رپورٹ کارڈ طلب کر رہی ہے‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عوام کی امیدیں ہی ہیں جو ہمیں زمینی سطح پر کام کرنے کا عزم دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سوالات لینے سے نہیں بھاگ رہے ہیں اور جو کوئی بھی ہم سے سوال پوچھے گا ہم جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔محبوبہ مفتی نے بھاجپا کے ساتھ حکومتی اتحاد قائم کرنے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے ساتھ حکومتی اتحاد عوامی فائدے کیلئے قائم کیا گیا تاکہ ریاست کے تینوں خطوں کے عوام کی فلاح و بہبود یقینی بن سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے این سی کانگریس کی طرح اقتدار کیلئے بھاجپا کے ساتھ حکومتی اتحاد نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ جب ماضی میں پی ڈی پی نے کانگریس کے ساتھ حکومت تشکیل دی تو اس وقت بھی پی ڈی پی نے عوام کے مفاد میں ہی اقدامات اٹھائے اور اب اس وقت جب پی ڈی پی بھاجپا کے ساتھ کام کر رہی ہے ہمارا بنیادی اور واحد مقصد لوگوں کی فلاح و بہبود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی ، کانگریس الائنس کم سے کم مشترکہ پروگرام کے تحت تشکیل دی گئی اور موجودہ حکومت بھی اسی ایجنڈا آف الائنس کے تحت تشکیل دی گئی۔