بانہال// شیر بی بی اور اس کے ملحقہ جات سے تعلق رکھنے والے طلبا نے آج جموں سرینگر شاہراہ کی شیر بی بی سے ناچلانہ تک کے سیکٹر میںسڑک کی ابتر حالت کو لیکر وگن کے مقام شاہراہ پر احتجاج کیا ۔ طلباء کی اس احتجاج کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد ورفت تقریباً ایک گھنٹے تک معطل رہی ۔ احتجاجی طلباء کا کہنا تھا کہ شیر بی بی سے لیکر ناچلانہ تک شاہراہ کی حالت خستہ ہو کر رہ گئی ہے اور اس پر جگہ جگہ پر کھڈے بن گئے ہیں جبکہ گردو غبار کی وجہ سے اس کے آس پاس میں رہنے والے لوگ بیماریوں میں مبتلاء ہو رہے ہیں ۔ احتجاجی طلباء اس سیکٹر میں شاہراہ کی مر مت و فورلین کی تعمیر پر مامور کمپنی ایچ سی سی کے خلاف نعرہ بازی کر رہے تھے ۔ ان طلباء کا کہنا تھا کہ بار بار کی التجاء کے باوجود اُن کی بات کو کوئی سُننے کو تیار نہیں اُن کا مزید کہنا تھا کہ گردو غبار کی وجہ سے جہاں شیر بی بی ، مامناسلاڑ ودیگر ملحقہ جات کے مقامی لوگ بیمار ہو رہے ہیں وہیں شاہراہ کی خستہ حالت کی وجہ سے آئے روز اس سیکٹر میں حادثات کا خطرہ لاحق رہتا ہے ۔ مظاہرین نے شاہراہ پردھرنا دیا، وہ مانگ کر رہے تھے کہ کمپنی سڑک کی فوری مر مت کر نے کے ساتھ ساتھ اس پر میکڈم بچھایا جائے تاکہ اس پریشانی سے اُنہیں نجات مل سکے ۔طلباء کے احتجاج کی وجہ سے صبح9بجے ہی شاہراہ پر دونوں طرف سے ٹریفک کی آمد ورفت معطل ہو کر رہ گئی تھی ۔ بعد میں ایس ایچ او بانہال محمد افضل پولیس ٹیم کے ہمراہ وگن پہنچ گئے اور احتجاجی طلباء کو یقین دہانی کرائی کہ اُن کے مطلبات کو اعلیٰ حکام و ضلع انتظامیہ کی نوٹس میں لایا گیا ہے جبکہ کمپنی کو بھی اس بارے میں مر مت کر نے کے لئے کہا گیا ہے ۔ اس یقین دہانی کے بعد طلباء نے اپنا احتجاج ختم کیا اور شاہراہ پر ٹریفک کو تقریباً ایک گھنٹے بعد چلنے کی اجازت دی گئی ۔