اونتی پورہ//اونتی پورہ کی جو بیارہ پہاڑی پر پر اسرار دھماکہ ہوا جس میں ایک جواں سال چو پان جاںبحق ہوا ۔پولیس نے لاش تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہے۔ اونتی سے چند کلومیٹر دور جوبیارہ کی پہاڑی پر سو موار شام پانچ بجے کے قریب ایک دھماکہ ہوا ، جس کے دوران وہاں بھیڑ چرواہا بری طرح زخمی ہوا ۔ اگر چہ پولیس نے واقعے کی جانکاری ملنے کی ساتھ ہی جائے واردات پر پہنچ کر زخمی نوجوان کو ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔ پولیس نے بعد میں نوجوان کی شناخت 28سالہ عاشق حسین ولد غلام محمد چوپان ساکن گترو آری پل ترال کی طورپر بتائی۔جس جگہ دھماکہ ہوا وہ وکٹر فورس ہیڈکوارٹر کے بالکل قریب ہے۔ذرائع نے بتایا کہ واقعہ ایک پہاڑی کے نزدیک پیش آیا اور نوجوان کا بائیاں ہاتھ دھماکے میں کٹ گیا جس سے اندازہ ہوتاہے کہ شائد نوجوان نے شل کو ہاتھ لگایا جس کے ساتھ وہ پھٹ گیا اور نوجوان کی موت واقع ہو ئی ۔