سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی)پارٹی سے مستعفی ہوئے لیڈرو کرم ادتیہ سنگھ کا استعفیٰ پارٹی نے منظور کرلیا ،تاہم اُنکی رُکن کونسل کا فیصلہ چیئرمین کونسل لیں گے ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق قریب 10روز قبل پارٹی سے مستعفی ہوئے پی ڈی پی لیڈر وکرم ادتیہ سنگھ کا استعفیٰ پارٹی نے منظور کرلیا ہے ۔پارٹی ذرائع نے اسکی تصدیق کی اور کہا کہ ورکرم ادتیہ سنگھ کی پارٹی رُکنیت ختم کردی گئی اور اس کا فیصلہ پارٹی لیڈر شپ نے غور وخوض کرنے کے بعد کیا ۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ22تاریخ کوجموں وکشمیر میں قانون ساز کونسل کے رکن اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) لیڈر وکرم ادتیہ سنگھ نے پارٹی اور قانون ساز کونسل سے استعفیٰ دے دیاتھا۔ جموں وکشمیر کے آخری مہاراجہ ، مہاراجہ ہری سنگھ کے پوتے اور سابق صدر ریاست و سینئر کانگریسی لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ کے بیٹے وکرم ادتیہ نے اپنے استعفے کا مکتوب سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ٹویٹر اور فیس بک پر پوسٹ کردیاتھا۔ وکرم ادتیہ نے ریاستی وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے نام لکھے گئے مکتوب میں کہا تھا کہ وہ جموں میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کو شہر بدر نہ کئے جانے ، ڈوگرہ حکمرانوں کے کارناموں کو اسکولی کتابوں میں شامل نہ کئے جانے اور مہاراجہ ہری سنگھ کے جنم دن پر تعطیل کا اعلان نہ کئے جانے کے خلاف وہ پارٹی سے مستعفی ہورہے ہیں۔ مہاراجہ ہری سنگھ کے پوتے وکرم ادتیہ نے ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں کہا تھاکہ میں نے آج پی ڈی پی اور قانون ساز کونسل سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ آنریبل وزیر اعلیٰ (محبوبہ مفتی) کے نام تحریر کردہ اپنے مکتوب یہاں شیئر کررہا ہوں۔ انہوں نے اپنا مکتوب میں لکھا ہے کہ آپ کو یاد ہوگا کہ میں نے تین سال قبل مرحوم مفتی صاحب کی دعوت پر پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔معلوم ہوا ہے کہ اُنکی رُکن کونسل کا فیصلہ چیئرمین کونسل لیں گے۔