بڈگام //نمائدہ عظمیٰ// وڈون میں سوموار کو دوسرے روز بھی مقامی آبادی نے ماگام بڈگام سڑک کے کناروں پر غیر قانونی قبضہ ہٹانے کا سلسلہ جاری رکھا ہے تاہم ڈپٹی کمشنر بڈگام نے مقامی نوجوانوں سے تاکید کی ہے کہ وہ قانون کو اپنے ہاتھوں میںلینے سے گریز کریں ورنہ انکے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔اس سلسلے میں ڈی سی بڈگام محمدہارون نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ضلع انتظامیہ اس حوالے سے خود کاروائی کر رہی ہے اور لوگوں کو انتظامیہ کو اس میں تعاون دینا چاہئے۔ انکے بقول کسی بھی شخص کو قانون اپنے ہاتھوں میںلینے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ضلع انتظامیہ ضلع کے سبھی علاقوں سے تجاوزات کو ہٹانے کا عمل جاری رکھا ہوا ہے ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ جن لوگوں نے یہ تعمیرات کھڑی کی ہیں وہ خود اپنی اپنی تعمیرات کو ہٹانے میں انتظامیہ کا تعاون دیں۔