عظمیٰ نیوزسروس
جموں// نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نےکہا کہ وِجے پور۔رام گڑھ سے ایس ایم پورہ تک 15 کلومیٹر سڑک (ڈبل لین) کی اپ گریڈیشن کا کام سی آر آئی ایف کے تحت لیا گیا ہے اور 65 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ مزید کام جاری ہے۔نائب وزیرا علیٰ ایوان میں رُکن اسمبلی ڈاکٹر دیویندر کمار منیال کی طرف سے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ کام جون 2025 ء تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ راستے نیشنل ہائی وے 44 سے بابا چمبیال کے زیارت گاہ تک رام گڑھ حلقہ سے گزرتے ہیں۔ پہلی سڑک وِجے پور نیشنل ہائی وے سے چمبیال کے راستے رام گڑھ اور ایس ایم پورہ تک جاتی ہے جس کی لمبائی 16.70 کلومیٹر ہے۔اُنہوں نے کہا کہ دوسرا سڑک سوانکھا موڑ نیشنل ہائی وے سے چمبیال کے لئے سوانکھا تک شروع ہوتی ہے جس کی لمبائی 16.50 کلومیٹر ہے۔ اِن میں سے 4 کلومیٹر حصہ کی دیکھ ریکھ بی آر او کے ذریعے کی جاتی ہے جبکہ باقی 12.50 کلومیٹر کا اِنتظام پی ڈبلیو ڈی کے پاس ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پی ڈبلیو ڈی نے 2023-24ء میں سی آر آئی ایف کے تحت 12.50 کلومیٹر سڑک کی اَپ گریڈیشن اوربہتری کا کام مکمل کیاجس کی چوڑائی 5.5 میٹر ہے۔ یہ سڑک زیارت گاہ سے 2 کلومیٹر پہلے وا لی سڑک سے مل جاتی ہے۔نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے مزید بتایا کہ تیسری سڑک جکھ موڑ نیشنل ہائی وے سے چمبیال تک شروع ہوتی ہے جس کی لمبائی 15 کلومیٹر ہے۔ اِس میں سے 13 کلومیٹر کا اِنتظام بی آر او (7میٹر چوڑائی بی ٹی کے ساتھ ڈبل لین ) کے پاس ہے اور 2 کلومیٹر کا حصہ پی ڈبلیو ڈی کے پاس ہے جو اچھی حالت میں ہے (3میٹر بی ٹی کی چوڑائی کے ساتھ سنگل لین) اورٹریفک کے قابل ہے۔اِس موقعہ پر رُکن اسمبلی سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے اِس معاملے پر ضمنی سوال اُٹھایا۔