اننت ناگ//ضلع کشتواڑ کے دور افتادہ وڈون علاقے سے تعلق رکھنے والے 6 افراد کی قسمت کا توازن بدستور لٹکا ہوا ہے۔یہ سبھی شہری منگل کی شام سے لاپتہ ہیں۔ حکام نے اننت ناگ ضلع میں برف سے ڈھکے مرگن ٹاپ کے ساتھ ان کا سراغ لگانے کے لیے "فضائی جائزہ کا فیصلہ کیا ہے۔علاقے کے سرپنچ کی سربراہی میں ایک وفد نے ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹر راگھو لنگر سے ملاقات کی تاکہ چودرمن وڈون کے لاپتہ افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔علاقے کے سرپنچ آزاد نبی لون نے فون پر بتایا، "ڈویژنل کمشنر نے بتایا کہ موسم میں بہتری کے ساتھ ہی فضائیہ اور فوج لاپتہ افراد کا سراغ لگانے کے لیے تلاش شروع کریں گے۔سرپنچ نے کہا کہ ڈویژنل کمشنر نے پوچھا کہ کیا راستے میں کوئی پناہ گاہیں ہیں؟ تو انہیں بتایا گیا کہ مرگن ٹاپ اور نربلان پر کچھ پناہ گاہیں موجود ہیں، اور اگر کسی طرح لاپتہ افراد ان پناہ گاہوں تک پہنچ گئے تو ان کے زندہ بچ جانے کا امکان ہے۔ بصورت دیگر ان کے زندہ رہنے کے امکانات بہت کم ہیں،‘‘۔ ایس ڈی ایم کی سربراہی میں تحصیلدار اور دیگر افسران نے جمعرات کو مرگن ٹاپ پرریسکو آپریشن شروع کیا ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کی ہدایت پر دو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ لاپتہ افراد کا سراغ لگایا جاسکے۔ان کے مطابق ایس ڈی ایم کی سربراہی میں ایک ٹیم جے سی بی اور سنو کٹر مشینوں کے ہمراہ مرگن ٹاپ پر پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ فوج، اور مقامی رضا کار وں نے بھی الگ سے ریسکو آپریشن شروع کیا ہے تاکہ لاپتہ ہوئے چھ افراد کو ڈھونڈ نکالا جاسکے۔موسم میں بہتر ی کے ساتھ ہی ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی لاپتہ شہریوں کو تلاش کرنے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔بدھ کو تازہ برف باری کے درمیان، 6 افراد نے مرگن ٹاپ سے پیدل سفر شروع کیا تھا، جو کہ ایک بلند پہاڑی درہ ہے جو کشتواڑ ضلع کے وڈون علاقے کو اننت ناگ ضلع سے جوڑتا ہے۔سرپنچ کے مطابق لاپتہ ہونے والوں میں اعجاز احمد کوکا ولد عبدالرحمن کوکا، محمد اکبر کوکا ولد غلام قادر کوکا، غلام نبی ولد غلام قادر کوکا، گلزار احمد ولد غلام محمد کوکا، منظور احمد ولد غلام محمد کوکا اور ادریس احمد ولد سنت اللہ ڈار شامل ہیں۔تمام رہائشی چودرمان وڈ ون سے تعلق رکھتے ہیں۔ ایک لاپتہ شخص نے منگل کی رات 9 بجے کے قریب اپنے اہل خانہ کو فون کیا تھا۔ اور انہیں مرگن ٹاپ سے گزرنے کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد سے ان سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔