نئی دہلی // بہار کے گورنرستیہ پال ملک کو ریاست کا نیا گورنر تعینات کردیا گیا ہے۔صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کوند نے 21اگست کو مختلف ریاستوں کے 8گورنروں کے تبادلے اور انکی تعیناتیاں عمل میں لائی ہیں جن میں ستیہ پال ملک بھی شامل ہیں۔بہار کے موجودہ گورنر ستیہ پال ملک کو این این ووہرا کی جگہ ریاست جموں و کشمیر کا گورنر تعینات کیا گیا ہے۔انہیں 30ستمبر 2017کو بہار کا گورنر بنایا گیا تھا اور 21مارچ 2018کو انہیں اڑیسہ کے گورنر کا اضافی چارج بھی 28مئی 2018تک دیا گیا تھا۔ستیہ پال ملک ریاست اترپردیش کے بھاگپت ضلع کے ہسا واڑا گائوں کے رہنے والے ہیں۔ 71سالہ ملک 25 دسمبر 1946میںپیدا ہوئے اور قانون کی ڈگری حاصل کی جس کے بعد وہ سیاست کے میدان میں آئے۔ وہ نویں لوک سبھا کیلئے 1989سے 1991تک علی گڑھ حلقہ سے چنے گئے تھے۔وہ راجیہ سبھا کیلئے دو بار منتخب بھی ہوئے ہیں۔پہلے 1980سے 1986تک اور بعد میں 1986سے 1992تک۔ستیہ پال ملک 1974سے 1977تک اتر پردیش اسمبلی کے ممبر بھی رہے ہیں۔پہلے وہ علی گڑھ پارلیمانی حلقہ سے 1989میں جنتا دل کی ٹکٹ پر الیکشن جیت گئے تھے۔انہوں نے 1996میں دوبارہ اسی حلقہ سے سماج وادی پارٹی کی ٹکٹ پر چنائو لڑا تھا لیکن وہ الیکشن ہار گئے۔بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت سے قبل وہ بھارتیہ کرانتی دل،انڈین نیشنل کانگریس، جنتا دل، لوک دل اور سماج وادی پارٹی سے منسلک رہے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ این این ووہرا کو25جون2008میں ریاست کا گورنر تعینات کیا گیا تھا۔وہ لگاتار 10سال تک ریاست کے گورنر رہے۔اس سے قبل وہ وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری، ہوم سیکریٹری، ڈیفنس سیکریٹری اور ڈیفینس پروڈکشن سیکریٹری کے عہدوں پر تعینات رہے تھے۔انہیں 2007میں بھارت کا دوسرا سب سے بڑا شہری اعزاز پدم و بھوشن بھی دیا گیا ۔