سرینگر// ماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے انتخابات کے مکمل بائیکاٹ کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ مانگنے والوں کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔فریدہ بہن جی کہا کہ ووٹ ڈالنا کٹی گردنوں، لٹی عصمتوں، اُجڑی بستیوں اور بصارت سے محروم آنکھوں کے ساتھ سودا بازی ہے اور اس سے آزادی کی منزل قریب آنے کے بجائے طویل سے طویل تر ہوتی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں حصہ لینے والی ہندنواز پارٹیاں اگرچہ صرف بجلی، پانی اور نوکری کے نام پر ووٹ طلب کرتی ہیں اور بعض عام لوگ بھی اس کو اسی تک محدود سمجھتے ہیں، البتہ بھارت اس کو بین الاقوامی فورموں پر ایک کارڈ کے طور استعمال کرتا ہے اور وہ دنیا کو باور کرانے کی کوشش کرتا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے ساتھ خوش ہیں۔