یو این آئی
جموں// جموں وکشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) کی جانب سے طلب کی گئی آل پارٹی میٹنگ کے بعد لیڈران نے کہا کہ انہوں نے میٹنگ میں غیر مستقل باشندوں کے ناموں کے اندراج کے حوالے سے چیف الیکشن کمیشن سے وضاحت طلب کی۔انہوں نے بتایا کہ چیف الیکٹورل آفیسر نے واضح کیا کہ 25 لاکھ ووٹروں کے اندراج کے حوالے سے جو افواہیں پھیلائی جارہی ہیں وہ من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔بھاجپا کو چھوڑ کر دیگر پارٹیوں کے وفود نے بتایا کہ چیف الیکشن کمیشن پر واضح کیا گیا کہ غیر مقامی افراد کو کسی بھی صورت میں ووٹنگ رائٹس نہیں ملنے چاہئے۔ پیر کے روز جموں میں چیف الیکٹورل آفیسر کی سربراہی میں بلائی گئی آل پارٹی میٹنگ میں سیاسی پارٹیوں کے وفود نے 25 لاکھ ووٹروں کے اندراج کا معاملہ اٹھایا۔
معلوم ہوا ہے کہ چیف الیکٹورل آفیسر نے سیاسی پارٹیوں کے لیڈران کو بتایا کہ اس حوالے سے پھیلائی جارہی افواہیں حقیقت سے بعید ہے۔میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بی جے پی کے سینئر لیڈر ستہ پال شرما نے بتایا کہ میٹنگ خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کا ماننا ہے کہ جو بھی شخص ووٹنگ رائٹس کا حق رکھتا ہے اس کو لسٹ میں شامل کیا جانا چاہئے۔نیشنل کانفرنس لیڈران نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ آج کی میٹنگ میں چیف الیکٹورل آفیسر نے بتایا کہ 25لاکھ ووٹروں کی بات ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اب آگے دیکھنا ہے انہیں کیا کرنا ہے۔ ان کے مطابق 15ستمبر کو ڈرافٹ لسٹ تیار ہوگا اس کی جانچ پڑتال کے بعد ہی مزید کچھ کہا جاسکتا ہے۔این سی لیڈر نے مزید بتایا کہ جب ہم نے چیف الیکٹورل آفیسر سے فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے اہلکاروں کو ووٹنگ لسٹ میں شامل کرنے کا مدعا اٹھا یا تو انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر ڈسٹر بڈ ایریا ایکٹ میں آتا ہے اور ایسے افراد یہاں پر ووٹ نہیں ڈال سکتے۔پی ڈی پی لیڈران نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ ہم نے 25لاکھ غیر مقامی ووٹروں کے اندراج کا معاملہ اٹھایا اور آفیسر موصوف پر واضح کیا کہ اس کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ بی جے پی کو چھوڑ کر سبھی سیاسی پارٹیوں نے غیر مقامی ووٹروں کے اندراج پر سوالات اٹھائے۔انہوں نے مزید کہاکہ نئے ووٹروں کے اندراج کے حوالے سے شفافیت سے کام ہونا چاہئے کیونکہ جموں وکشمیر کا فیصلہ یہاں کے عوام کو کرنا ہے نہ کہ یوپی اور بہار کے لوگوں کو۔بہوجن سماج پارٹی کے وفد نے کہا کہ میٹنگ خوشگوار ماحول میں چل رہی تھی اور جب چیف الیکٹورل آفیسر سے پچیس لاکھ ووٹروں کے بارے میں صفائی دینے کو کہا گیا تو بی جے پی لیڈران نے شور مچانا شروع کیا اور کہاکہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد غیر مقامی افراد جموں وکشمیرمیں اپنے اندراج کرا سکتے ہیں۔اک جھٹ پارٹی کے سربراہ ایڈوکیٹ انکور شرما نے اس موقع پر کہاکہ چیف الیکٹورل آفیسر نے سیاسی پارٹیوں کے خدشات کو دور کیا ہے۔ان کے مطابق بعض سیاسی پارٹیوں نے غیر مقامی افراد کا مدعا اٹھایا۔