جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے جموں و کشمیر وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن ( ڈبلیو ڈی سی ) کی 28 ویں سالانہ جنرل میٹنگ ( اے جی ایم ) کی صدارت کی۔دورانِ میٹنگ سال2018-19 کے اکاؤنٹس رِپورٹ کو منظور کیا گیا۔ مشیر فاروق خان جو جے کے ڈبلیو ڈی سی کے چیئرمین بھی ہیں،نے کارپوریشن سے کہا کہ وہ کمیونٹی کی اہم صنف تک فوائد میں توسیع کے اچھے کام کو جاری رکھے۔ اُنہوں نے کہا کہ خواتین آبادی کا اہم جزو ہیں اور وہ ہینڈ ہولڈنگ اور حوصلہ افزائی کی مستحق ہیں۔مشیر موصوف نے مزید آڈیٹروں کی ہدایت کے مطابق قرضوں کی درجہ بندی کرنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے ان خواہش مند کار خانہ دار وں کو اپنے کاروبار کو کامیابی سے چلانے کے لئے تربیت دینے پر زور دیا۔سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود نے کارپوریشن کے اکاؤنٹس کو مکمل کرنے پر ڈبلیو ڈی سی کے اِنتظامیہ اور عملے کی ستائش کی۔منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ناہید سوز نے کہاکہ ڈبلیو ڈی سی نے مختلف سکیموں کے تحت 1800 مستحقین کو 240 کروڑ روپے کی مالی معاونت کی ہے اور قرض کی وصولی 95 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر نے مزید شیئر ہولڈروں کو الاٹ کئے گئے حصص اور اس سے حاصل ہونے والے فوائد کے بارے میں تفصیلات دیں۔یہ بات بھی حصص یافتگان کے علم میں لائی گئی کہ سال 2020-21کے اکاؤنٹس منظوری کے لئے بہت جلد بورڈ آف ڈائریکٹرس کے سامنے رکھے جائیں گے۔ منیجنگ ڈائریکٹر نے مزیدکہاکہ کارپوریشن کی مالی صحت آج بہتر ہے اور اور آئندہ بھی اس کی توقع کی جارہی ہے۔میٹنگ میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر شیتل نندا ،ڈبلیو ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ناہید سوز ،ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ رجنیش گپتا ،ڈائریکٹر فائنانس ایس ڈبلیو ڈی انیل کمار ڈوگرہ ،مشیر کے او ایس ڈی محمد اشرف حکاک اور کارپوریشن کے دیگر اَفسران نے شرکت کی۔