بانڈی پورہ//بانڈی پورہ کے عوامی دربار میںوزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے سامنے پی ڈی پی وفد جس کی قیادت زونل صدر محمد امین میر کررہے تھے اورممبر اسمبلی عثمان مجیدکے درمیان وومنز ڈگری کالج کے مطالبے کو لیکر نوک جھونک ہوئی ۔ پی ڈی پی کے جنرل سیکرٹری نظام الدین بٹ نے عوامی دربار ہال کے باہر احاطہ میں میڈیا کو بتایا کہ پی ڈی پی وفد نے محمد امین میر کی قیادت میں مطالبات سامنے رکھے اس دوران وہاں بیٹھے ایم ایل اے بانڈی پورہ عثمان مجید نے وومنز ڈگری کالج کی مخالفت کی ۔ محمد امین میر نے گرڈاسٹیشن وٹہ پورہ ،خستہ حال شاہراہ ودیگر مسائل کے ساتھ وومنز کالج بانڈی پورہ کا مطالبہ کیا تو وہاں بیٹھے ایم ایل اے عثمان مجید نے کھلم کھلا مخالفت کی ہے جب ایم ایل اے عثمان مجید حال سے باہر آئے توانہوں نے میڈیا کو بتایا کہ میرے خلاف یہ الزام تراشی ہے یہ ان کی گندی سیاست ہے ۔اس دوران بانڈی پورہ ضلع منی سیکٹرریٹ کے احاطے میں کانگریس کے ضلع صدر امتیاز احمد پرے نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اس دربار کے لیے پی ڈی پی ورکروں کو ہی ابتدائی مرحلے میں اندر دربار حال میں لے جایاگیا جبکہ باقی وفود کو گیٹ پر ہی ٹھہرایا جاگیا ۔ دیگر وفود نے بھی اسی طرح کا الزام لگایا ۔