عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جنوبی کشمیر سے تعلق رکھنے والی 29 سالہ آل رائونڈر ربیعہ سعید جنہیں گجرات جائنٹس نے وومنز انڈین پریمیئر لیگ کے لئے منتخب کیا ہے ، کا اصلی ہدف اور خواب قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنا ہے ۔اننت ناگ کے بدسگام سے تعلق رکھنے والی ربیعہ اس نوعیت کے کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھیلنے کے لئے جگہ حاصل کرنے والی دوسری خاتون کر کٹر ہیں۔جاسیہ اختر نامی دائیں ہاتھ کی بلے باز پہلی کشمیری خاتون ہیں جنہوں نے آئی پی ایل ٹیم میں جگہ بنائی ہے ۔ربیعہ سال 2012 سے کرکٹ کھیل رہی ہیں اور انہوں نے جموں وکشمیر کرکٹ ایسو سی ایشن کی کئی برسوں تک نمائندگی ہے ۔آئی پی ایل میں منتخب ہونے کے بعد ان کا اصلی ہدف قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنا ہے ۔انہوں نے کہا: ‘میں اپنے آپ کو قومی ٹیم میں دیکھنا چاہتی ہوں تاکہ میں بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکوں اور اپنے ملک اور جموں وکشمیر کا نام روشن کر سکوں’۔ان کا کہنا تھا: ‘اسکول ایام کے دوران ہی منعقد ہونے والے ٹورنامنٹوںمیں حصہ لینے کے لئے میرے اساتذہ نے میری رہنمائی کی اور بعد میں کوچز نے مجھے اس کھیل کے اسرار سکھائے تاہم بنیاد اسکول میں ہی ڈالی گئی’۔ربیعہ کے والد غلام قادر شیخ جو ایک فروٹ تاجر ہیں، نے ہمیشہ اپنی بیٹی کو سپورٹ کیا اور مالی مشکلات کے باوجود اس کو سہولیات فراہم کیں۔ربیعہ نے کہا: ‘مجھے یقین محکم ہے کہ میں بین الاقوامی سطح پر ضرور کرکٹ کھیلوں گی’۔انہوں نے کہا کہ میں اس سطح پر کھیل کر اپنے ملک اور جموں وکشمیر کا نام روشن کروں گی۔