عظمیٰ نیوز سروس
مینڈھر //رومیو فورس کی نگرانی میں راشٹریہ رائفلز بٹالین نے بھارت کے قومی گیت وندے ماترم کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر ماڈل اکیڈمی، ساگرہ میں طلبا و اساتذہ کے ہمراہ ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔ اس تقریب کا مقصد نوجوان نسل میں حب الوطنی کے جذبے کو تازہ کرنا اور انہیں وندے ماترم کے پیغام ، اتحاد، آزادی اور مادرِ وطن سے عقیدت کی یاد دلانا تھا۔اس موقع پر اسکول کے طلبا نے ثقافتی پروگرام پیش کئے جن میں حب الوطنی پر مبنی گیت، تقاریر اور ڈرامے شامل تھے۔ ان پروگراموں کے ذریعے وندے ماترم کی تاریخی اہمیت اور بھارت کی آزادی کی جدوجہد میں اس کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔فوجی اہلکاروں نے طلبا کے ساتھ اپنے تجربات اور قومی فخر کی کہانیاں شیئر کیں، جنہوں نے نوجوانوں میں نظم و ضبط، خدمت اور وطن سے محبت کے جذبات کو مزید مستحکم کیا۔تقریب میں طلبا، اساتذہ اور مقامی لوگوں نے بھرپور شرکت کی اور پروگرام کے دوران حب الوطنی کے جذبے سے لبریز ماحول دیکھنے کو ملا۔ شرکا نے بھارتی فوج کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام نہ صرف نوجوانوں کو قومی یکجہتی کے جذبے سے جوڑتے ہیں بلکہ فوج اور عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔اس یادگار تقریب کے ذریعے بھارتی فوج نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام میں قومی ہم آہنگی، اتحاد اور حب الوطنی کے جذبات کو فروغ دینے کے لئے اپنے اقدامات جاری رکھے گی۔