محمد تسکین
بانہال// شمالی ریلوے اور یو ایس بی آر ایل کے عہدیداروں نے جمعہ کو 19 اپریل کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ وندے بھارت ٹرین کے طے شدہ افتتاح سے قبل سرینگر سے کٹرا تک ریلوے ٹریک کا معائنہ کیا۔عہدیداروں نے خصوصی معائنہ ریل کار میں سرینگر سے کٹرہ تک ریلوے ٹریک اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔معائنہ ٹیم کی قیادت جنرل منیجر شمالی ریلوے اشوک کمار ورما کر رہے تھے۔ انہوں نے سرینگر اور کٹرہ کے درمیان بڑے ریلوے سٹیشنوں پر وندے بھارت ٹرین کے افتتاح کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ریلوے ذرائع نے بتایا کہ جی ایم ناردرن ریلوے نے ریلوے ٹریک کا معائنہ کیا، اور معائنہ ٹرین سرینگر سے کٹرہ تک چلائی گئی۔ عہدیداروں نے 19 اپریل کو ہونے والی کشمیر ریل سروس کی افتتاحی تقریب کے لیے کئی ریلوے سٹیشنوں پر کئے جارہے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ آج ہفتے کے روز وندے بھارت ریل کو کٹرا اور سرینگر کے درمیان چلایا جائیگا لیکن اس کیلئے اوقات کا تعاون دیر شام تک کئے جانے کا امکان ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جی ایم ناردرن ریلوے کل ایک روزہ دورے پر سرینگر پہنچے اورانہوں نے کشمیر ریل پروجیکٹ کے سرینگر اور کٹرا سیکشن کے درمیان ریلوے انفراسٹرکچر کا معائنہ کیا۔ ورما شام کو واپس دہلی لوٹے۔