عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم مودی کے ہاتھوں آج کٹرہ۔سرینگر تک وندے بھارت ٹرین سروس کا افتتاح ایک تاریخی لمحہ ہوگا، کیونکہ یہ لمحہ ایک دیرینہ خواب کی تعبیر کا عکاس ہوگا۔ بخاری نے کہا، ’’وندے بھارت ٹرین سروس نہ صرف سفر کا وقت کم کرے گی بلکہ یہ ہر موسم میں کشمیر کو باقی ملک سے جوڑے رکھنے کا ایک بہترین وسیلہ ثابت ہوگا۔ اس کے علاوہ، یہ ٹرین سروس ہماری معیشت کو فروغ دینے کی صلاحیت کی حامل بھی ہے کیونکہ اس کے ذریعے اشیا بالخصوص پھلوں کو کم وقت میں اور تیز رفتاری کے ساتھ ملک کے مختلف حصوں میں پہنچانا آسان ہوگا۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’اس ٹرین سروس کا وزیر اعظم کے ذریعہ افتتاح واقعی ایک تاریخی لمحہ اور ایک اہم سنگ میل ہوگا۔ اس خاص موقع پر، میں کشمیر کے لوگوں کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوںاورساتھ ہی میں اس مشکل کام اور دیرینہ خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے حکومت ہند کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘اس دوران بخاری نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ جموں اینڈ کشمیر انڈسٹریز لمیٹڈ کے ان کنسالڈیٹڈ اور نیڈ بیسڈ ملازمین کے معاملے پر ہمدردانہ غور کرے، جنہیں حال ہی میں برسوں کی سروس کے بعد ملازمتوں سے نکالا گیا ہے۔متاثرہ ملازمین کے ایک وفد نے پارٹی صدر دفتر سرینگر میں بخاری سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے اپنی پارٹی کے صدر کو بتایا کہ جموں و کشمیر انڈسٹریز لمیٹڈ کے 189 کنسالڈیٹڈ/نیڈ بیسڈ ملازمین کو نکالا گیا۔ ‘‘وفد کے اراکین نے مزید کہا کہ ’’ہمیں کارپوریشن کی انتظامیہ نے 12 سال قبل تعینات کیا تھا، اور تب سے لے کر اب تک ہم نے محکمہ کی خدمت میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کیا ہے۔ بخاری نے کہا’’ میں انتظامیہ سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اس معاملے کو انسانی بنیادوں پر دیکھیں، برسوں تک جے کے انڈسٹریز میں خدمات انجام دینے کے بعد اب لوگ کہاں جائیں گے؟‘‘۔