نئی دہلی //بھارت کے مایہ ناز بیٹسمین ویرات کوہلی کی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے دوسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔ پاکستان کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی پیش کرنے والے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹیسٹ رینکنگ میں 900 ریٹنگ پوائنٹس کا ہندسہ عبور کرلیا ہے، ولیمسن یہ سنگ میل عبور کرنے نے والے پہلے کیوی اور دنیا کے 32ویں کھلاڑی ہیں۔کین ولیمسن کی قیادت میں نیوزی لینڈ نے 49 سال بعد پہلی مرتبہ پاکستان کو اْس کی ہوم سیریز میں شکست دی ہے۔آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی 920 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہیں جب کہ کین ولیمسن صرف 7پوائنٹس کی دوری یعنی 913 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ تیسری، بھارت کے چتیشور پجارا چوتھے، انگلینڈ کے جوئے روٹ پانچویں، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر چھٹے، سری لنکا کے کرارتنے ساتویں، جنوبی افریقا کے ڈین ایلگر نویں اور نیوزی لینڈ کے ہینری نکولس نویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔پاکستان کے اظہر علی کا فہرست میں دسواں نمبر ہے۔