سرینگر/ / امام مہدیؑ کی ولادت کے سلسلے میں العباس ریلیف ٹرسٹ کے اہتمام سے پٹن میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایک جلسہ مدینہ پبلک ہائی اسکول گنڈ خواجہ قاسم پٹن میں جبکہ مدینہ سکول احمد پورہ میں خواتین کیلئے محفل نور کا انعقاد کیا گیا۔ ان پروگرامات میں عقیدتمندوں کی ایک بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ مدینہ پبلک اسکولوں سے وابستہ طلاب نے شرکت کی۔ اتحاد المسلمین کے سربراہ اور بزرگ حریت رہنما مولانا عباس انصاری کی صدارت میں علما، دانشوروں، شعراءاور مدینہ پبلک اسکولوں کے ہونہار طلاب نے اپنے منفرد و مخصوص انداز میں امام العصرؑکی خدمت میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ علماءمیں آغا سید اعجاز رضوی، مولانا محمد یاسین اور خواتین مبلغین قابل ذکر ہیں جنہوںنے فلسفہ مہدویت اور عصر حاضر میں منتظرین کی ذمہ داریاں کے عنوانات پر مفصل روشنی ڈالی۔اپنے صدارتی خطبہ میں سرپرست اعلیٰ مولانا محمد عباس انصاری نے کہا کہ عقیدہ مہدویت کسی خاص مسلک و ملت کا عقیدہ نہیں بلکہ تقریباً تمام اسلامی مکاتب اس سلسلے میں اتفاق رکھتے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ فلسفہ انتظار ملت اسلامیہ کیلئے ایک بہترین آئیڈیل ہے جس سے بہترین اسلامی معاشرہ کی تشکیل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیطانی طاقتیں ملت اسلامیہ کی نوجوان نسل کو بہکانے اور گمراہ کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہیں لیکن بیدار نوجوان ان تمام ناپاک عزائم کو ہمت کے ساتھ ناکام بنا دینے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑ دیتے۔