جدہ //سعودی عرب میں 1439 ہجری کے مناسک حج کا آغاز ہوچکا ہے اور اتوار (19 اگست بروز اتوار بمطابق 8 ذی الحج 1439 ہجری) کو نماز فجر کے بعد عازمین حج کی احرام میں مکہ سے منیٰ روانگی کا سلسلہ جاری رہا۔حجاج کرام ایک رات منی میں گزاریں گے جہاں ان کے لیے عارضی خیمہ بستی قائم کی گئی ہے جبکہ سعودی حکومت نے رواں سال عازمین کی سہولت کے لئے موبائل کیپسول ہوٹل بھی متعارف کروایا۔آج یعنی 9ذی الحج بروز سوموار نماز فجر کی ادائیگی کے بعد حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے لئے حجاج میدان عرفات روانہ ہوں گے اور وہاں غروب آفتاب تک قیام کریں گے۔حجاج 10 ذی الحج بروز منگل منٰی میں بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے اور قربانی کے بعد سرمنڈوا کر احرام کھول دیں گے اور خانہ کعبہ جا کر طواف کریں گے۔حجاج واپس منٰی آکر 11 اور 12 ذی الحج کو تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے۔جس کے بعد حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوگا۔امسال 15سے 20لاکھ عازمین کرام حج کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔