یو این آئی
نئی دہلی//وقف ترمیمی بل 2024پر پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی (جے پی سی)کے چیئرپرسن جگدمبیکا پال نے بجٹ اجلاس سے عین قبل جمعرات کو کمیٹی کی رپورٹ کا مسودہ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو پیش کیا ۔پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے خطاب کے ساتھ کل سے بجٹ اجلاس شروع ہوگا اور دو مرحلوں میں 4اپریل تک جاری رہے گا۔ وقف ایکٹ میں ترمیم سے متعلق بل کو نظرثانی کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے لوک سبھا رکن پال کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ۔جے پی سی کے حوالے کیا گیا تھا ۔ کمیٹی کے اجلاس ہنگامہ خیز رہے۔ زیادہ تر اپوزیشن جماعتوں نے بل کی کئی تجاویز پر اعتراضات درج کرائے ہیں۔ لیکن کمیٹی کی رپورٹ کو اکثریت کی بنیاد پر منظور کر لیا گیا ہے۔کمیٹی کے رکن اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر نشی کانت دوبے نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ بل غریب مسلم خواتین، یتیم بچوں کو حقوق دے گا اور ووٹ بینک کی سیاست کرنے والی جماعتوں کی دکانیں بند ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی کو ملک بھر سے 1.5کروڑ میمورنڈم موصول ہوئے ہیں۔ کمیٹی نے 38میٹنگیں کیں اور ایک مناسب رپورٹ تیار کی جس میں حکومت کی طرف سے طلب کی گئی ترامیم کے ساتھ کمیٹی کے اراکین نے 14 نئی ترامیم کی سفارش کی۔ اسی طرح جے پی سی نے مرکزی قانون میں ایک اور ترمیم کی تجویز پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آئینی تاریخ میں شاید ہی کسی اور مشترکہ کمیٹی نے اتنا کام کیا ہو جتنا اس مشترکہ کمیٹی نے کیا ہے ۔