یو این آئی
نئی دہلی//وقف ترمیمی بل کے خلاف حکومت اور سیاسی پارٹیوں کے ضمیر پر دستک دینے اور اپنے احتجاج کو درج کرانے کے لئے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا آئندہ 10مارچ کو جنتر منتر پر مظاہرہ کرے گا۔ یہ اطلاع آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ترجمان اور مظاہرہ کے آرگنائزر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے ایک پریس بیان میں دی ہے۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور متعدد مسلم تنظیموں اور عام المسلمین نے مختلف طریقوں سے مرکزی حکومت، اس کی حلیف جماعتوں اور بطور خاص جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پوری قوت سے اپنا یہ موقف رکھا کہ حکومت کی طرف سے پیش کردہ بل وقف املاک کو ہڑپ کرنے اور تباہ کرنے کی ایک گھناونی سازش ہے اور اسے فوری طور پر واپس لیا جائے۔ تاہم حکومت کے کام پر جوں تک نہیں رینگی۔ اب جب کہ حکومت اسے پارلیمنٹ میں پیش کرنے جارہی ہے، بورڈ کی مجلس عاملہ نے طے کیا ہے کہ حکومت اور سیاسی پارٹیوں کے ضمیر پر دستک دینے اور اپنے احتجاج کو درج کرانے کے لئے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ دہلی میں جنتر منتر پر 10 مارچ کو دھرنا دے گا۔ اس دھرنے میں بورڈ کی پوری قیادت، تمام دینی و ملی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی مرکزی قیادت شرکت کرے گی۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے حزب مخالف کی تمام سیاسی پارٹیوں اور سول سوسائٹی مومنٹ سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بھی اس دھرنے میں شریک ہوکر اس ظلم وزیادتی کے خلاف صف آرا ہوں۔ڈاکٹر الیاس نے بتایا کہ دلتوں، آدیباسیوں اور او بی سی کی سماجی و سیاسی قیادت اور سکھوں و عیسائیوں کے مذہبی رہنما بھی اس دھرنے میں شرکت کررہے ہیں۔ اسی طرح 7 مارچ کو وجے واڑہ ( آندھرا پردیش) اور پٹنہ( بہار) میں بھی اسمبلی کے سامنے مظاہرے کئے جائیں گے۔