وقف بورڈ ملازمین کا پریس کالونی میں دھرنا

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
 سرینگر //وقف بورڈ کے وائس چیرمین پیر محمد حسین کے مستعفی ہونے کے خلاف بدھ کو وقف بورڈ ملازمین نے پریس کالونی میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں شامل وقف بورڈ ملازمین کا کہنا تھا کہ پیر محمد حسین کی محنت اور لگن سے وقف بورڈپہلی مرتبہ ترقی کی طرف گامزن ہوا تھا مگر سیاسی دبائو کی وجہ سے انکے مستعفیٰ ہونے سے وقف بورڈ کے منصوبوں کو کافی زور کا جھٹکا لگے گا۔ وقف بورڈ ملازمین نے ریاستی وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پیر محمد حسین کا استعفیٰ نامنظور کرکے انہیں وقف بورڈ میں ترقیاتی کاموں کو جاری رکھنے کی ہدایت دیں۔وقف بورڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر محمد شفیع نے بتایا ’’ پیر محمد حسین کی بطور وائس چیرمین کارگردگی بہت اچھی رہی کیونکہ وہ کوئی بھی سیاسی دبائو قبول نہیں کرتے تھے جسکی وجہ سے وہ وقف بورڈ کی آمدن بڑھانے میں کامیاب رہی‘‘۔ محمد شفیع نے بتایا ’’ وقف بورڈ کے قیام سے لیکر ابتک وہ واحد ایسے وائس چیرمین تھے جو وقف بورڈ کی ترقی اور وقف بورڈ کے اثاثوں کی حفاظت کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے تھے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ پیر محمد حسین نے حضرت بل میں قائم اوقاف کی بلڈنگ پر نہ صرف حکم امتناعی ہٹایا بلکہ بلڈنگ کے کرایئے میں اضافے کے علاوہ وقف بورڈ کو اضافی 91لاکھ روپے کی آمد ن بھی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت بل کی بلڈنگ کا ماہانہ کرائے 1500روپے ہوا کرتا تھا تاہم پیر محمد حسین نے کرایہ بڑھاکر ماہانہ 10ہزار کردیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بلڈنگ کے کرائے میں اضافے پر پیر محمد حسین کو کافی سیاسی دبائو کا سامنا کرنا پڑا مگر انہوں نے ہار نہیں مانی اور وادی کی میں بڑی زیارت گاہوںکے اندر وقف بورڈ کی پیٹیاں نصب کرائیں جس سے بورڈ کی آمدنی میں 50فیصد اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیر محمد حسین نے کئی ترقیاتی منصوبوں کا آغازکیا ہے اور ان کے مستعفی ہونے ٰ سے شروع کئے گئے تمام ترقیاتی منصوبے کھٹائی میں پڑجائیں گے۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *