لکھنو // وقف بورڈ کے معاملہ میں یوگی حکومت بیک فٹ پر ہے او اسے اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا ہے۔ ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد یوگی حکومت نے شیعہ اور سنی وقف بورڈ کے ہٹائے گئے اراکین کو بحال کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہائی کورٹ نے انہیں ہٹانے کے یوپی حکومت کے حکم کو منسوخ کر دیا تھا۔ اقلیتی بہبود محکمہ کی چیف سکریٹری مونیکا ایس گرگ نے شیعہ وقف بورڈ کے چھ اور سنی وقف بورڈ کے دو ارکان کو بحال کرنے احکامات جاری کیے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ حکومت کی تشکیل کے بعد وقف بورڈز میں تمام گھوٹالہ وغیرہ کے الزام لگاتے ہوئے یوگی حکومت نے معاملہ کی جانچ سی بی ا?ئی سے کرانے کی سفارش کی تھی۔ اس دوران سنی وقف بورڈ کے ارکان جنید صدیقی، مولانا سید احمد علی کے علاوہ شیعہ بورڈ کے اختر حسن رضوی، عالمہ زیدی، سید ولی حیدر، افشاں زیدی، سید عازم حسین، نجم الحسن رضوی کو ہٹا دیا گیا تھا۔ان نامزد ارکان نے ہائی کورٹ میں حکومت کے اس فیصلہ کو چیلنج کیا تھا، جس کے بعد ہائی کورٹ نے حکومت کا فیصلہ منسوخ کر دیا تھا۔